بارٹی، سارتھی، مہاجیوَتی اور آرٹی اداروں میں اب صرف میرٹ کی بنیاد پر داخلہ ملے گا
نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کا قانون ساز کونسل میں اعلان
ممبئی: 3 جولائی 2025
نائب وزیراعلیٰ اور وزیر مالیات و منصوبہ بندی اجیت پوار نے ریاستی قانون ساز کونسل میں اعلان کیا ہے کہ اب بارٹی، سارتھی، مہاجیوَتی اور آرٹی جیسے تعلیمی و تحقیقی اداروں میں مختلف کورسز میں طلبہ کو صرف اور صرف میرٹ (یعنی تعلیمی قابلیت) کی بنیاد پر داخلہ دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان اداروں میں طلبہ کی تعداد، عام اسکالرشپ، بیرونِ ملک اسکالرشپ اور داخلہ کے عمل کے لیے یکساں پالیسی نافذ کی جائے گی تاکہ نظام کو زیادہ شفاف اور منظم بنایا جا سکے۔
یہ بیان انہوں نے قانون ساز کونسل کے اراکین سنجے کھوڑکے اور ابھیجیت ونجاری کے ان سوالات کے جواب میں دیا جن میں چھترپتی شاہو مہاراج انسٹی ٹیوٹ آف ریسرچ، ٹریننگ اینڈ ہیومن ڈویلپمنٹ (سارتھی) کے تحت کرایہ بھتہ اور ہنگامی فنڈ کی تقسیم سے متعلق وضاحت طلب کی گئی تھی۔ اجیت پوار نے ایوان کو آگاہ کیا کہ سنہ 2018 سے 2025 کے درمیان سارتھی ادارے کے تحت 83 کورسز میں تقریباً تین لاکھ طلبہ کو سرکاری اسکالرشپ اور تعلیمی سہولیات مہیا کی گئیں۔ تاہم ان میں سے صرف 3 ہزار طلبہ (یعنی محض 1 فیصد) ہی پی ایچ ڈی کورسز میں داخل ہوئے۔ ان ایک فیصد طلبہ پر مجموعی طور پر 280 کروڑ روپے خرچ کیے گئے، یعنی پانچ سال میں فی طالب علم تقریباً 30 لاکھ روپے کی رقم صرف ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تشویشناک پہلو ہے اور آئندہ صرف انہی کورسز میں داخلے دیے جائیں گے جن کے ذریعے روزگار کے امکانات زیادہ ہوں۔
نائب وزیر اعلیٰ نے ایوان کو یقین دلایا کہ بارٹی، سارتھی، مہاجیوَتی اور آرٹی جیسے اداروں کی داخلہ پالیسی، اسکالرشپ کی تقسیم، طلبہ کی تعداد اور مجموعی معیار میں بہتری کے لیے ریاست کے چیف سیکریٹری کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ اس کمیٹی کی رپورٹ حکومت کو موصول ہو چکی ہے اور اسی کی سفارشات کی بنیاد پر جلد فیصلہ لیا جائے گا۔
لکشمن ہاکے کے خلاف احتجاج، آزاد میدان پولیس اسٹیشن میں گرفتاری کا مطالبہ
ممبئی: او بی سی لیڈر لکشمن ہاکے کے ریاست کے نائب وزیراعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے قومی صدر اجیت دادا پوار کے خلاف مبینہ طور پر نازیبا الفاظ کا استعمال کرنے پر این سی پی کی جانب سے سخت ردعمل کا مظاہرہ کیا گیا۔ ہاکے کے بیان پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ممبئی کے این سی پی کارکنان نے آزاد میدان پولیس اسٹیشن میں جا کر احتجاج کرتے ہوئےان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
این سی پی کے کارکنان کا کہنا تھا کہ اجیت پوار نہ صرف ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ہیں بلکہ پارٹی کے قومی صدر بھی ہیں اور ان کے خلاف اس طرح کی زبان کا استعمال قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی لیڈروں نے کہا کہ لکشمن ہاکے کی زبان صرف ایک فرد کے خلاف نہیں بلکہ پوری پارٹی کے وقار اور نظریے کے خلاف ہے۔ انھوں نے پولیس سے اپیل کی کہ اس معاملے میں فوری ایف آئی آر درج کر کے ہاکے کو گرفتار کیا جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس طرح کی غیرمہذب حرکت کرنے کی جرأت نہ کرے۔
احتجاج کی قیادت ممبئی ڈویژن کے این سی پی کے ورکنگ صدر سدھارتھ کامبلے نے کی۔ ان کے ہمراہ ریاستی جنرل سیکریٹری سنتوش دھوالی، ریاستی ترجمان سنجے تٹکرے، جنوبی ممبئی ضلع کے صدر مہندر پانسرے، جنوبی ممبئی تعلقہ کے صدر کرن شندے سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کے دیگر کارکنان اور عہدیدار بھی موجود تھے۔ مظاہرین نے پولیس اسٹیشن کے باہر زوردار نعرے بازی کی اور ہاکے کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی۔