ناندیڑ میں نشہ آور گولیوں کی فروخت کرنیوالی میڈیکل اسٹورز کے خلاف سخت کاروائی

ناندیڑ، 2 جولائی:(ورق تازہ نیوز)ناندیڑ شہر میں مختلف علاقوں کے میڈیکل اسٹورز کی جانچ کر کے نشہ آور ادویات اور گولیوں کی غیر قانونی فروخت کرنے والے میڈیکل مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں حال ہی میں ناندیڑ کے نگراں وزیر اتل ساوے نے سخت ہدایات جاری کی تھیں۔ ان ہدایات کے مطابق 25 اور 26 جون کو ناندیڑ شہر میں خصوصی ٹیم نے مختلف علاقوں کے میڈیکل اسٹورز کی جانچ کی۔

یہ اطلاع ناندیڑ کے اسسٹنٹ کمشنر (ادویات) اے۔ تُ۔ راٹھوڑ نے پریس نوٹ کے ذریعے دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران کل 13 میڈیکل اسٹورز کی تلاشی لی گئی، جن میں سے 2 دکانوں میں نشہ آور ادویات اور گولیوں کی فروخت ثابت ہوئی۔ جبکہ 9 دیگر دکانوں میں "ادویات و کاسمیٹکس ایکٹ 1940” اور اس کے تحت 1945 کے قواعد کے مطابق متعدد خامیاں پائی گئیں۔ صرف دو میڈیکل اسٹورز میں سب کچھ درست پایا گیا۔

واضح رہے کہ کوٹا (راجستھان) کی طرز پر ناندیڑ شہر ایک تعلیمی مرکز کے طور پر ترقی کر رہا ہے، جہاں ریاست اور بیرونِ ریاست سے طلبہ تعلیم کے لیے آتے ہیں۔ حال ہی میں ضلع پلاننگ کمیٹی کی میٹنگ میں رکن پارلیمان رویندر چوہان نے یہ بات اٹھائی تھی کہ یہاں کے میڈیکل اسٹورز سے طلبہ کو نشہ آور ادویات اور گولیاں آسانی سے مل جاتی ہیں، جس سے نوجوان نسل نشے کی لت میں مبتلا ہو رہی ہے۔

ادھر ناندیڑ میں اسسٹنٹ کمشنر (ادویات) نے بتایا کہ ان کے دفتر میں منظور شدہ ڈرگ انسپکٹروں کی آسامیاں خالی ہیں۔ اس لیے انہوں نے معاون کمشنر (ادویات)، چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن سے فوری رابطہ کر کے خاص مہم کے لیے چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنا، لاتور اور ہنگولی اضلاع سے ڈرگ انسپکٹروں کو ناندیڑ بھیجنے کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نشہ آور ادویات/گولیوں کی غیر قانونی فروخت اور دیگر سنگین خامیوں والے میڈیکل اسٹورز کے خلاف "ادویات و کاسمیٹکس ایکٹ” اور اس کے قواعد کے تحت سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ آئندہ بھی اس طرح کی فروخت کرنے والے اسٹورز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading