اجیت دادا پوار کے انتقال سے ہم نے اپنا خاندانی سربراہ کھو دیا: سنیل تٹکرے

آج کا دن نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور پورے مہاراشٹر کے لیے انتہائی افسوسناک اور سیاہ دن

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار کے انتقال سے ہم نے اپنے خاندان کے سربراہ کو کھو دیا ہے۔ ان کا اچانک انتقال نہایت صدمہ خیز اور دل کو جھنجھوڑ دینے والا ہے۔ ان کے جانے سے ایک باصلاحیت منتظم، سنجیدہ، بے باک اور ہمیشہ مہاراشٹر کی ترقی کو ترجیح دینے والا مضبوط لیڈر ہم سے جدا ہو گیا ہے۔ یہ باتیں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہیں۔

سنیل تٹکرے نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں تک انہیں اجیت دادا کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ جب بھی ملاقات ہوتی، وہ ہمیشہ اس بات پر زور دیتے تھے کہ سیاست اور انتظامیہ میں شیواجی، شاہو، پھلے اور امبیڈکر کے نظریات کو بنیاد بنا کر ہی کام کیا جانا چاہیے۔ ان کا یہ پختہ یقین تھا کہ حکومت کی اسکیمیں ریاست کے آخری طبقے تک پہنچنی چاہئیں۔ کسانوں کے تئیں ان کی گہری فکر، حساسیت اور وابستگی کو میں نے نہایت قریب سے محسوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ذاتی اور عوامی زندگی میں اجیت دادا کی رہنمائی، اعتماد اور مسلسل تعاون شامل حال رہا۔ مشکل فیصلوں کے مواقع پر ان کی واضح اور مضبوط رائے، انتظامی معاملات پر گرفت اور پارٹی کارکنوں کے ساتھ اپنائیت ہم سب کے لیے ہمیشہ رہنمائی کا ذریعہ رہی۔ ان کی قیادت کے سائے میں کئی کارکن تیار ہوئے، جو آج عوامی زندگی میں سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔

سنیل تٹکرے نے کہا کہ آج کا دن نہ صرف نیشنلسٹ کانگریس پارٹی بلکہ پورے مہاراشٹر کے لیے انتہائی غمگین اور سیاہ دن ہے۔ اجیت دادا کا اس طرح اچانک رخصت ہو جانا ایک ایسی کمی ہے جو کبھی پوری نہیں ہو سکتی۔ ان کے خیالات، ان کا کام اور عام آدمی کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ ہمارے لیے مشعلِ راہ بنی رہیں گی۔ اس غم کی گھڑی میں پارٹی پوری طرح پوار خاندان کے دکھ میں شریک ہے۔ ایشور پوار خاندان کو یہ ناقابلِ برداشت صدمہ سہنے کی ہمت عطا کرے۔

اجیت دادا صرف میرے لیڈر ہی نہیں تھے بلکہ میرے خاندان کا سہارا تھے: نواب ملک

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر نواب ملک نے اجیت دادا پوار کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجیت دادا صرف ان کے سیاسی لیڈر نہیں تھے بلکہ ان کے خاندان کے لیے ایک مضبوط سہارے کی حیثیت رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے سب سے مشکل اور کٹھن دور میں اجیت دادا ڈھال بن کر ان اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہے اور ان کی وہ حمایت ایسی تھی جسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔

نواب ملک نے مزید کہا کہ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار کے حادثاتی انتقال کی خبر نے دل کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کے جانے سے صرف ذاتی طور پر نہیں بلکہ پورے مہاراشٹر کو ایک ایسا نقصان پہنچا ہے جس کی تلافی کبھی ممکن نہیں ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اجیت دادا ایک فرض شناس، عزم و استقلال کے حامل اور اپنے وعدوں پر قائم رہنے والے عوامی لیڈر تھے۔ ان کی قیادت، رہنمائی اور شخصیت نے سیاسی زندگی میں ہمیشہ حوصلہ اور سمت عطا کی۔

نواب ملک نے کہا کہ اجیت دادا کی یادیں اور ان کی دی ہوئی رہنمائی ہمیشہ ان کے دل و دماغ میں زندہ رہے گی۔ انہوں نے اجیت دادا پوار کو عقیدت اور احترام کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انتقال مہاراشٹر کی سیاست میں ایک ناقابلِ تلافی خلا چھوڑ گیا ہے جسے بھرنا ممکن نہیں۔

اجیت دادا پوار کے انتقال سے ہمارا مضبوط سہارا چھن گیا: پرفُل پٹیل

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی کارگذار صدر اور رکن پارلیمنٹ پرفل پٹیل نے اجیت دادا پوار کے انتقال پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے انتقال سے پارٹی نے اپنا ایک مضبوط ستون کھو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ نہایت تکلیف دہ اور صدمہ پہنچانے والا ہے، جس نے انہیں ذاتی طور پر بھی گہرے دکھ میں مبتلا کر دیا ہے۔

پرفُل پٹیل نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے اجیت دادا پوار کے ساتھ کام کرتے آ رہے تھے۔ جب بھی ملاقات ہوتی، اجیت دادا نہایت خلوص کے ساتھ خیریت دریافت کرتے اور صحت کا خاص خیال رکھنے کا مشورہ دیتے تھے۔ ان کے تعلقات سیاست تک محدود نہیں تھے بلکہ ایک خاندانی رشتہ قائم ہو چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اجیت دادا کا انتقال ان کے لیے ایک بہت بڑا ذاتی نقصان ہے، جس کی کمی کبھی پوری نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اجیت دادا پوار کے انتقال سے سیاست نے ایک ایسے قابل منتظم اور مضبوط فیصلے کرنے والے لیڈر کو کھو دیا ہے، جن کا رشتہ دیہی مہاراشٹر سے گہرائی سے جڑا ہوا تھا۔ تقریباً پینتیس برسوں پر محیط سیاسی سفر میں انہوں نے بے شمار کارکنان کی رہنمائی کی، عوامی مسائل کے لیے ہمیشہ سرگرم رہے اور ترقی پسند خیالات کے حامل قیادت کو فروغ دیا۔ ہر ملاقات میں وہ عام آدمی کی مشکلات، کسانوں، محنت کشوں، نوجوانوں اور خواتین کے مسائل کے حل پر خصوصی زور دیتے تھے اور ان کے لیے عملی اقدامات پر اصرار کرتے تھے۔

پرفل پٹیل نے کہا کہ عوام میں مقبول یہ قیادت آج ہمارے درمیان موجود نہیں رہی، جو نہ صرف نیشنلسٹ کانگریس پارٹی بلکہ پورے مہاراشٹر کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے اس موقع پر پوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اہلِ خانہ اور پارٹی کے تمام کارکنان کو اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت اور صبر عطا ہو۔

اجیت دادا پوار کے اچانک انتقال پر یقین کرنا مشکل، پورا مہاراشٹر صدمے میں ہے: چھگن بھجبل

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر اور ریاستی حکومت میں خوراک و شہری رسد کے وزیر چھگن بھجبل نے اجیت دادا پوار کے اچانک انتقال پر گہرے صدمے اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خبر نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے مہاراشٹر کے لیے ناقابلِ یقین اور انتہائی تکلیف دہ ہے۔

چھگن بھجبل نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ اجیت دادا جیسے متحرک، ہمہ وقت مسکراتے رہنے والے اور زندگی سے بھرپور شخص کے اچانک انتقال کی خبر کبھی سننے کو ملے گی، ایسا خیال کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ اتنا غیر متوقع ہے کہ ذاتی طور پر خود کو سنبھال پانا بھی انتہائی مشکل محسوس ہو رہا ہے، لیکن اب اس کڑوی حقیقت کو قبول کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجیت دادا پوار کو ایک سخت گیر اور بااصول منتظم کے طور پر جانا جاتا تھا۔ ریاست کے وزیرِ خزانہ سمیت مختلف محکموں کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے انہوں نے مہاراشٹر کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اجیت دادا نے اب تک گیارہ مرتبہ ریاستی بجٹ پیش کیا، جو انہیں مہاراشٹر کے اُن گنے چنے وزرائے خزانہ میں شامل کرتا ہے جنہوں نے سب سے زیادہ بار بجٹ پیش کیا۔ ان کی توجہ ہمیشہ انتظامی نظم و ضبط، بنیادی سہولتوں کی بہتری اور مضبوط مالی منصوبہ بندی پر مرکوز رہی۔

چھگن بھجبل نے کہا کہ پمپری-چنچوڑ شہر کو تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں کی صف میں کھڑا کرنے میں اجیت دادا کا کردار نہایت اہم رہا۔ بارامتی، پونے، پمپری-چنچوڑ سمیت پورے مہاراشٹر میں ان کے کام کا ایک نمایاں نقش دکھائی دیتا ہے۔ وہ ایک ایسے عوامی لیڈر تھے جو معاشرے کے آخری طبقے تک پہنچ کر سوچتے تھے۔ صبح سویرے کام کا آغاز کرنے والا یہ متحرک رہنما مہاراشٹر کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں رہتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اجیت دادا کے ساتھ ان کے تعلقات نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قیام سے بھی پہلے کے ہیں۔ وہ ایک بے باک، صاف گو اور اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرنے والے لیڈر تھے۔ شرد پوار کی قیادت میں بارامتی کی مقامی سیاست سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کرنے والے اجیت دادا نے مہاراشٹر کی عوامی نبض کو سمجھنے والے زمینی لیڈر کے طور پر اپنی الگ شناخت قائم کی اور ریاست کی سیاست پر انمٹ نقوش چھوڑے۔

چھگن بھجبل نے کہا کہ اگرچہ اجیت دادا کی شبیہ ایک باوقار، سخت مزاج اور انتظامیہ پر مضبوط گرفت رکھنے والے سیاستدان کی تھی، لیکن ذاتی طور پر وہ نہایت صاف دل، زندہ دل اور محبت کرنے والے انسان تھے۔ صحافیوں کے سخت سوالوں پر بھی مزاح کا پہلو نکال لینا اور اگر کسی بات پر غلطی ہو جائے تو کشادہ دلی سے معذرت کرنا، یہ اوصاف بھی اجیت دادا کی شخصیت کا حصہ تھے۔ انہوں نے ہمیشہ بزرگوں کا احترام کیا اور بھجبل خاندان کو بے پناہ محبت دی، جو ہمیشہ یاد رہے گی۔ چھگن بھجبل نے پوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہونے کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اہلِ خانہ کو اس ناقابلِ تلافی صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ عطا ہو۔ انہوں نے کہا کہ اجیت دادا پوار کو مہاراشٹر کبھی فراموش نہیں کرے گا۔

NCP Urdu News 28 Jan. 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading