ممبئی: مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار کے اچانک انتقال کی خبر نہایت صدمہ خیز اور دل کو لرزا دینے والی ہے۔ ان کی صاف گوئی، انتظامیہ پر مضبوط گرفت، عوامی مسائل کی گہری سمجھ اور انہیں حل کرنے کی صلاحیت کے باعث مہاراشٹر نے ایک متحرک، باصلاحیت اور عوام دوست قیادت کھو دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے اپنے تعزیتی بیان میں کیا ہے۔
اجیت دادا پوار کے انتقال پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ اجیت پوار کو سیاست کی تربیت اپنے چچا اور سینئر لیڈر شرد چندر پوار سے ملی۔ ان کی رہنمائی میں کام کرتے ہوئے اجیت دادا نے سیاست میں اپنی الگ پہچان قائم کی۔ کام کے معاملے میں وہ نہایت واضح، وقت کے پابند، مضبوط ارادوں کے حامل اور فیصلہ کن کردار کے مالک تھے۔ پارٹی سے بالاتر ہو کر وہ ہر ضرورت مند کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے طویل سیاسی سفر میں اجیت پوار نے رکن اسمبلی، رکن پارلیمنٹ، مختلف محکموں کے وزیر اور نائب وزیر اعلیٰ جیسے اہم عہدوں پر فائز رہتے ہوئے ہر ذمہ داری کو پوری دیانت داری اور صلاحیت کے ساتھ نبھایا۔ سیاست کے ساتھ ساتھ سماجی، ثقافتی، زرعی، کو آپریٹیو، فنون اور کھیلوں کے میدان میں بھی ان کی خدمات نمایاں رہیں۔ بارامتی، پونے اور پمپری چنچوڑ جیسے شہروں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کاموں کے ذریعے انہوں نے ان علاقوں کی شکل و صورت بدل کر رکھ دی۔ عام آدمی کے کام ہونے چاہئیں، یہی ان کی مستقل سوچ تھی۔ شیواجی، شاہو، فلے اور امبیڈکر کے ترقی پسند افکار ان کی سیاسی فکر کی بنیاد تھے۔
ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ اجیت پوار کی انتظامیہ پر مضبوط گرفت تھی۔ ریاستی قیادت کے دوران انہوں نے ادارہ جاتی مضبوطی پر توجہ دی، قیادت کی نئی نسل تیار کی اور کو آپریٹیو شعبے کے ذریعے دیہی ترقی کو ترجیح دی۔ اختلافی سیاست کے باوجود اپوزیشن لیڈروں کے ساتھ بھی ان کے تعلقات خوشگوار رہے۔ ان کے انتقال سے مہاراشٹر کو ایک بڑی سیاسی نقصان پہنچا ہے۔ جس طرح سابق وزرائے اعلیٰ ولاس راؤ دیشمکھ اور گوپی ناتھ منڈے کے انتقال سے ریاست کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوا تھا، اسی طرح اجیت پوار کے اچانک انتقال نے بھی مہاراشٹر کو گہرا صدمہ پہنچایا ہے۔
ہرش وردھن سپکال نے اجیت دادا پوار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی اس دکھ کی گھڑی میں پوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
مہاراشٹر نے ایک بہترین لیڈر کو کھو دیا
اجیت پوار کے انتقال پر رمیش چنّیتھلا کا تعزیتی پیغام
ترووننت پورم: مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر اجیت پوار کے اچانک انتقال پر کانگریس کے سینئر لیڈر اور مہاراشٹر کانگریس کے انچارج رمیش چنّیتھلا نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اجیت پوار کے انتقال سے انہیں ذاتی طور پر بڑا صدمہ پہنچا ہے۔
رمیش چنّیتھلا نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ ان کا اور اجیت پوار کا تعلق این ایس یو آئی کی صدارت کے دور سے ہی قریبی رہا ہے۔ بعد ازاں جب وہ آل انڈیا یوتھ کانگریس کے صدر بنے تو اجیت پوار اور ان کے خاندان کے ساتھ یہی قربت اور اعتماد کا رشتہ برقرار رہا۔ انہوں نے کہا کہ اجیت پوار کے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی میں سینئر لیڈر بننے کے بعد بھی یہ تعلق اسی خلوص اور محبت کے ساتھ قائم رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہاراشٹر کانگریس کے انچارج کے طور پر کام کرتے ہوئے انہیں اجیت پوار کے ساتھ زیادہ قریب سے تبادلۂ خیال کا موقع ملا۔ ان کے مطابق اجیت پوار ایک مضبوط سیاسی شخصیت تھے جنہوں نے مہاراشٹر کی سیاست میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کے انتقال سے مہاراشٹر کی سیاسی زندگی میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے۔ رمیش چنّیتھلا نے کہا کہ اجیت پوار کے اچانک انتقال سے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے مہاراشٹر کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ پوار خاندان کو اس بڑے صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ عطا ملے۔
MPCC Urdu News 28 January 26.docx