’پہچان کون؟ ‘اور ’یہاں سے شروع ہوتا ہے فرضی واڑہ‘
نواب ملک کا سمیرداؤد وانکھیڈے کے خلاف مزید۲ ٹوویٹ سے کھلبلی
ممبئی:این سی پی کے قومی ترجمان اور اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے ٹویٹر پر این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر داؤد وانکھیڈے کی شادی کی تصویر اوربرتھ سرٹیفکیٹ شیئر کرتے ہوئے ایک بار پھر کھلبلی مچادی ہے۔ سمیروانکھیڈے کی تصویر شیئرکرتے ہوئے نواب ملک نے لکھا ہے ’پہچان کون؟‘ جبکہ برتھ سرٹیفکٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’یہاں سے شروع ہوتا ہے فرضی واڑہ‘۔ ان تصویروں کے شیئرہونے کے بعد سمیروانکھیڈے کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور انہوں نے ممبئی پولیس کو ایک مکتوب لکھ کر ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ کئے جانے کی گہار لگائی ہے۔
نواب ملک نے کہا ہے کہ این سی بی کی پوری کارروائی ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو بدنام کرنے کی منصوبے بندی کے تحت ہوئی ہے۔اس سے قبل نواب ملک نے آرین خان ڈرگس معاملے میں میڈیا کے سامنے کئی ثبوت پیش کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو بدنام کئے جانے کی سازشوں کوبے نقاب کیا تھا۔آج کے ٹوویٹ کے ذریعے نواب ملک نے یہ ثابت کیا ہے کہ سمیرداؤد وانکھیڈے نے کس طرح جعلسازی کرتے ہوئے ملازمت حاصل کی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نواب ملک ابھی مزید کچھ ثبوت منظرِ عام پر لائیں گے۔
نواب ملک کے ذریعے کئے جانے ان انکشافات کے بعد پارٹی کے ریاستی صدر جینت پاٹل اور شیوسینا کے ممبرپارلیمنٹ سنجے راؤت بھی نواب ملک کی حمایت میں کھل کر آگئے ہیں۔ جینت پاٹل نے کہا ہے کہ این سی بی اور سمیروانکھیڈے کا یہ معاملہ نہایت سنگین ہے اور اس ضمن میں مناسب اقدام کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواب ملک نے ثبوتوں کے ساتھ این سی بی اور سمیروانکھیڈے کے معاملات سامنے لارہے ہیں جوبہت گمبھیر ہیں۔ مہاراشٹر کی حکومت کو غیرمستحکم کرنے کی پوری کوشش ہوئی لیکن جب یقین ہوگیا کہ حکومت نہیں گرے گی تو حکومت اور اس کے وزراء کو بدنام کرنے کی کوشش شروع ہوگی ہے اور آرین خان ڈرگس معاملہ اسی کوشش کا ایک حصہ ہے۔جینت پاٹل نے کہا کہ نواب ملک نے ثبوتوں کے ساتھ یہ دعویٰ کیا ہے کہ آرین خان کا معاملہ جھوٹا ہے۔آج سمیروانکھیڈے کا برتھ سرٹیفکٹ انہوں نے شیئر کیا ہے جس سے یہ ظاہرہوتا ہے کہ سمیروانکھیڈے نے ملازمت کے لئے پسماندہ طبقات کا فرد ہونے کا فائدہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرین خان ڈرگس کیس کے اہم گواہ پربھاکر سائل نے این سی بی وسمیروانکھیڈے کے خلاف حلفی بیان داخل دیا ہے، یہ سب چونکانے والا ہے۔ ممبئی میں بالی ووڈ اور مہاراشٹر کو بدنام کرنے کی یہ کوشش ہے۔ ای ڈی، سی بی آئی اور محکمہ انکم ٹیکس حکومت کو غیرمستحکم اوربدنام کرنے میں جب کم پڑنے لگیں تو این سی بی کو ایکٹیو کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب شیوسینا کے سنجے راؤت نے نواب ملک کے ذریعے پیش کئے جانے والے ثبوتوں پر کہا ہے کہ نواب ملک نے کئی این سی بی وسمیروانکھیڈے کے خلاف کئی ثبوت پیش کئے ہیں، اب انٹرول کے بعد اس کی اسکرپٹ میں دونگا۔ انہوں نے کہا کہ پربھاکرسائل کو میں بھروسہ دلاتا ہوں کہ اس کا کوئی بال بیکا تک نہیں کرسکتا۔ اس نے بہادری کا کام کیا ہے، وہ سچامحب وطن ہے جس نے ملک کے دشمنوں کے نام اجاگر کئے ہیں۔ سنجے راؤت نے مزید کہا کہ پربھاکرسائل نے جس سام ڈیسوزا کانام لیا ہے وہ بڑے بڑے سیاست دانوں، کارپوریٹ وپولیس افسران کے لئے منی لانڈرنگ کا کام کرتا ہے جس کے تار دہلی تک سے جڑے ہوئے ہیں۔جب اس کی جانچ ہوگی تو مزید انکشافات سامنے آئیں گے۔