ممبئی میونسپل کارپوریشن کے پلاٹوں اور پارکوں کوگود دینے کی پالیسی ختم کی جائے:جینت پاٹل
ممبئی: میونسپل کارپوریشن انتظامیہ ایک بار پھر ممبئی میں تفریحی میدان اور کھیل کے میدان گود لینے کی پالیسی لارہی ہے،جسے این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے میونسپل کمشنر کو ایک مکتوب لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ چونکہ میونسپل کارپوریشن ممبئی کے تفریح و کھیل کے میدانوں کی دیکھ بھال کی متحمل نہیں ہوپارہی ہے، اس لیے وہ انہیں گوددے رہی ہے۔ اس پالیسی پر ممبئی والوں سے اعتراضات اور تجاویز طلب کی گئی ہیں۔
جینت پاٹل نے مزید کہا ہے کہ ممبئی ایک گنجان شہر ہے اس لیے یہاں تفریح و صحت کے لیے بڑی تعداد میں کھلی جگہوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لیے بلدیہ کا فرض ہے کہ وہ ممبئی والوں کی بہتر صحت اور تفریح کے لیے زیادہ سے زیادہ کھلی جگہیں فراہم کرے۔ اس سے قبل بھی میونسپل انتظامیہ نے بعض افراد کوپلاٹس گود دیا تھا،لیکن ان پلاٹس پر انہوں نے جمنازیم ودیگر تعمیراتی کام کے ذریعے قبضہ کرلیا۔ ان جگہوں میں سے کچھ مقامات پر عام شہریوں کا داخلہ تک بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ میونسپل کارپوریشن ابھی تک گود لیے گئے کچھ پلاٹس واپس لینے میں بھی کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔ ایسے میں ایک بار پھر کارپوریشن کی زمین پرائیویٹ لوگوں کو دینے کی پالیسی کی منصوبہ بندی کی وجہ سمجھ سے باہر ہے۔ جینت پاٹل نے مزید کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ 52 ہزار کروڑ روپے کا سالانہ بجٹ اور ملک کی سب سے امیر میونسپل کارپوریشن اپنے پارکس اور پلاٹوں کی دیکھ بھال نہیں کر پا رہی ہے۔