NCP Urdu News 20 August 25

این سی پی کے سینئر لیڈر نواب ملک نے ممبئی میونسپل انتخاب کی سنبھالی کمان
بی ایم سی انتخابی مینجمنٹ کمیٹی کی دوسری میٹنگ کا انعقاد، مختلف سیل کے سربراہان کو دی رہنمائی
ممبئی: این سی پی ممبئی کی میونسپل انتخابی مینجمنٹ کمیٹی کی دوسری میٹنگ آج ممبئی کے دفتر میں سینئر لیڈر اور سابق وزیر نواب ملک کی قیادت میں منعقد ہوئی۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابی مینجمنٹ کمیٹی کی صدارت کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد نواب ملک نے انتخابی تیاریوں کو تیز کر دیا ہے۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابی مینجمنٹ کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ یہ ان کی دوسری میٹنگ تھی۔
میٹنگ میں انہوں نے پارٹی کے مختلف شعبوں کے سربراہان سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ان میں سیوا دل، خواتین سیل، طلبہ و نوجوان سیل، او بی سی، سماجی انصاف، کوآپریٹو، غیر منظم مزدور، ہندی بولنے والے طبقے، اقلیتی سیل اور جھوپڑپٹی سیل کے ذمہ داران شامل تھے۔ نواب ملک نے ان تمام سیل کو یہ ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام سے براہِ راست رابطہ بڑھائیں، گھر گھر جا کر پارٹی کا پیغام پہنچائیں اور شہری مسائل کو انتخابی مہم کا سب سے اہم حصہ بنائیں۔
میٹنگ کے دوران نواب ملک نے پارٹی کارکنوں کو واضح پیغام دیا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن میں برسوں سے جاری بدعنوانی اور بدنظمی کو انتخابی ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولتوں کی کمی سے پریشان ہیں، ایسے میں ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اجاگر کرنا پارٹی کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جھوپڑپٹی بستیوں کے مکین، غیر منظم مزدور اور اقلیتی طبقے پارٹی کے ساتھ مضبوطی سے جڑیں اور ان کے مسائل کو ہر سطح پر اٹھایا جائے۔نواب ملک نے یہ بھی کہا کہ ممبئی میونسپل انتخاب صرف ایک سیاسی مقابلہ نہیں ہے بلکہ یہ شہریوں کی زندگی بہتر بنانے کی جدوجہد ہے۔ اس مقصد کے لیے پارٹی کی تمام ذیلی شاخوں کو متحد ہو کر محنت کرنی ہوگی۔ انہوں نے کارکنوں کو یہ ہدایت دی کہ آنے والے دنوں میں وارڈ سطح پر میٹنگیں منعقد کی جائیں گی تاکہ ہر علاقے کی زمینی صورتحال کے مطابق حکمتِ عملی تیار کی جا سکے۔
پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ سوشل میڈیا سمیت ہر پلیٹ فارم پر پارٹی کی پالیسیوں کو عام کریں تاکہ ممبئی کی عوام کے سامنے این سی پی کا متبادل مضبوطی سے پیش کیا جا سکے۔اس میٹنگ کی صدارت نواب ملک نے کی۔ میٹنگ میں ممبئی کے ورکنگ صدر سدھارتھ کامبلے اور شیو اجی راؤ نلاوڑے، رکن اسمبلی ثنا ملک-شیخ، سابق رکن اسمبلی ذیشان صدیقی، سابق ریاستی صدر بھاسکر وچارے، پارٹی ترجمان سنجے تٹکرے، ممبئی کے جنرل سکریٹری راجو گھوگے، خصوصی مدعو رکن جنوب ممبئی کے ضلعی صدر مہندر پانسارے اور شمال مشرقی ممبئی کے ضلعی صدر سریش بھالے راؤ شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ خواتین سیل ممبئی کی صدر آرٹی سالوی، خواتین ورکنگ پریسیڈنٹ منیشا تپے، ممبئی طلبہ صدر ویبھو گھوگے، او بی سی صدر ببن مدنے، سماجی انصاف سیل صدر باپو دھمالے، کوآپریٹو سیل صدر نند کمار کاٹکر، اقلیتی ورکنگ پریسیڈنٹ حذیفہ الیکٹرک والا اور جھوپڑپٹی سیل کے گھنشام بھاپکر سمیت متعدد عہدیدار موجود تھے۔

NCP Urdu News 20 August 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading