ممبئی: میں اس ملک کا شہری ہوں، میں آئین وقانون پر یقین رکھتا ہوں اس لیے اگر کوئی میری تفتیش کرے گا تو اس کے سوالوں کے جوابات دینے کے لیے میں تیار ہوں۔ یہ باتیں آج یہاں حزبِ مخالف لیڈر اجیت پوار نے ایک پریس کانفرنس میں کہی ہیں۔
واضح ہو کہ میڈیا میں یہ خبریں ایک بار پھرگرم ہیں کہ ای ڈی کے ذریعے اجیت پوار کی تفتیش کی جاسکتی ہے۔ اجیت پوار اسی خبر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرہے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ 2012کا ہے۔ اس معاملے میں ہرباراجیت پوار کا ہی نام آتا ہے جبکہ اس معاملے میں 75لوگوں کے نام شامل ہیں۔
لیکن جب بھی اس معاملے کا تذکرہ ہوتا ہے اجیت پوار کانام اورفوٹو ہی سرخیاں بنتی ہیں۔ پھربھی حکومت بی جے پی کی ہے، وہ تفتیش کرنا چاہے کرسکتے ہیں، میں اس کے لیے تیار ہوں۔اجیت پوار نے کہا کہ اس سے قبل اس معاملے کی تفتیش کوآپریٹیو ڈپارٹمنٹ، سبکدوش جج، سی آئی ڈی، اے سی بی اوراقتصادی جرائم محکمہ کرچکی ہے۔ اب خبر ہے کہ ای ڈی تحقیقات کرے گا۔ جس کو بھی تفتیش کرنا ہے کرے، میں آئین وقانون پر یقین رکھنے والے ایک شہری کی حیثیت سے ان کے تمام سوالوں کے جوابات دونگا۔