ریاستی سطح کی منڈی کمیٹیوں کو مضبوط بناتے وقت کسانوں کے مفادات اور اراکین کے حقوق کا تحفظ ناگزیر : اجیت پوار
ممبئی: ریاستی سطح پر منڈی کمیٹیوں کو قومی سطح پر تسلیم شدہ منڈیوں کی طرز پر فروغ دیتے وقت ریاست کے کسانوں کے مفادات کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ساتھ ہی، منڈی کمیٹیوں کے منتخب اراکین کے آئینی و جمہوری حقوق بھی محفوظ رہنے چاہئیں۔ یہ اراکین عوامی نمائندے ہوتے ہیں جو کسانوں اور سماج کے مختلف طبقات کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کے اختیارات کا تحفظ نہ صرف کسانوں بلکہ سماج کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ اس سے منڈی کمیٹیاں مزید مؤثر، بااختیار اور مستحکم ہوں گی۔ یہ ہدایات نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے وزارتِ داخلہ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں دی۔
اجلاس میں کسانوں کے مفادات کے تحفظ، تاجروں سے ٹیکس وصولی، اور منڈی نظام کو محفوظ بنانے جیسے کلیدی امور پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی صدارت میں منعقد اس اجلاس میں قومی منڈی کے ماڈل کے مطابق ریاستی منڈیوں کی ترقی، زرعی اجناس منڈی کمیٹیوں میں ٹیکس نظام کی اصلاح، مرمت و دیکھ بھال، جی ایس ٹی سے متعلق مسائل، چھوٹے صنعت کاروں و تاجروں کی ٹیکس سے جڑی دشواریاں، اور کلَمبولی میں اسٹیل مارکیٹ کے لیے سڈکو کے توسط سے اراضی کی فراہمی جیسے اہم نکات زیر بحث آئے۔
اجلاس میں روزگار، صنعت و اختراع کے وزیر منگل پربھات لوڈھا، فروغِ تجارت کے وزیر جے کمار راول، محکمہ مالیات کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری سوربھ وجے، محکمہ تعاون و فروغِ تجارت کے پرنسپل سیکریٹری پروین دراڑے، ریاستی ٹیکس کمشنر آشش شرما، سڈکو کے منیجنگ ڈائریکٹر وجے سنگھل (وی سی کے ذریعے)، نائب وزیر اعلیٰ کے سیکریٹری ڈاکٹر راجیش دیشمکھ، مہاوِدُیُت کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر کادنبری بلکاوڈے، فروغِ تجارت کے ڈائریکٹر وکاس رسال، فیڈریشن آف ایسوسی ایشن آف انڈیا کے صدر جتیندر شاہ، ایم اے ایس ایس ایم اے کے صدر چندن بھنسالی، اور نوی ممبئی اے پی ایم سی کے ڈائریکٹر سدھیر کوٹھاری (وی سی سے) سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ریاستی منڈی کمیٹیاں ریاست کے کسانوں کو ان کی پیداوار کے لیے محفوظ اور منصفانہ منڈیاں فراہم کرکے ان کی اقتصادی ترقی میں مسلسل معاونت فراہم کر رہی ہیں۔ کسانوں کے مفادات کا تحفظ ریاستی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مرکزی حکومت کی وزارت زراعت و کسان بہبود کے 2027 کے مجوزہ نئے قانون کے تحت، مہاراشٹر زرعی اجناس فروغ و ضابطہ قانون 1963 میں ترمیم کرکے قومی سطح کی منڈی کمیٹیوں کے قیام اور موجودہ کمیٹیوں کی تنظیمِ نو کی تجویز حکومت کو پیش کی گئی ہے۔ اس کے مطابق، ان قومی سطح کی منڈی کمیٹیوں میں حکومت کی جانب سے نامزد افراد کی تقرری کی جائے گی۔
اجلاس میں ریاستی سطح پر قومی منڈیوں کی طرز پر منڈی کمیٹیوں کے فروغ پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ اجیت پوار نے واضح طور پر ہدایت دی کہ اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ لینے سے قبل کسانوں کے نمائندوں سے مشاورت لازمی کی جائے۔
تاجر طبقے کی جانب سے بھی اجلاس میں مختلف امور اٹھائے گئے، جن میں جی ایس ٹی کی وصولی کے طریقۂ کار کو منظم کرنے اور تاجروں کو غیرضروری پریشانیوں سے بچانے پر زور دیا گیا۔ ٹیکس چوری پر قابو پانے کے لیے جی ایس ٹی نظام میں اصلاحات کی تجاویز پر حکومت سنجیدگی سے غور کرے گی۔ آئندہ جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ میں تاجروں کی ان جائز مطالبات کو پیش کرکے ان کے مسائل کے حل کی کوشش کی جائے گی۔
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اجلاس میں صنعت و تجارت کے شعبے میں بڑھتی ہوئی غنڈہ گردی پر قابو پانے اور محفوظ کاروباری ماحول کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت بھی دی۔