ممبئی:کوروناکی وجہ سے ملک وریاست میں بے روزگاری کی سنگین صورت حال کے باوجود ریاستی حکومت کے محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ نے بیروگاروں کو روزگارفراہم کرنے کے اپنے مختلف پروگرامس کے ذریعے اکتوبر2021میں 19؍ہزار648بے روزگاروں کو روزگار فراہم کیا ہے۔ یہ اطلاع آج یہاں محکمہ کے وزیر جناب نواب ملک نے دی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ریاست میں ملازمت کے خواہشمندوں کو مختلف سرگرمیوں جیسے مہاسویم ویب پورٹل، آن لائن روزگار میلہ وغیرہ اور مختلف کمپنیوں، کارپوریٹ تنظیموں، صنعتوں کے ذریعے روزگار فراہم کیا جاتا ہے۔اس طرح کے مختلف اقدامات کے ذریعے سال 2020 میں ریاست میں 1 لاکھ 99 ہزار 486 امیدواروں کو روزگار فراہم کیا گیا، جبکہ موجودہ سال جنوری سے اکتوبر کے اخیرتک 1؍لاکھ47ہزار881 روزگار کے متلاشیوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔

نواب ملک نے بتایاکہ روزگار کے متلاشیوں اور روزگارفراہم کرنے والے اداروں وکمپنیوں کے درمیان براہ راست رابطہ کے لئے محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ نے https://rojgar.mahaswayam.gov.in نامی ویب پورٹل شروع کیا ہے۔ روزگار کے خواہشمند امیدوار اس ویب پورٹل پر اپنی تعلیمی قابلیت، مہارت اور تجربہ وغیرہ کے بارے میں تفصیلی معلومات کا اندراج کرتے ہیں، اسی کے ساتھ کمپنیاں، کاروباری افراد، کارپوریٹس ادارے جو قابل امیدواروں کی متلاشی ہوتی ہیں وہ بھی اس ویب پورٹل پر رجسٹر ہو کر اپنے مطلوبہ امیدوار تلاش کر سکتے ہیں۔ ملازمت کے متلاشیوں کو اس ویب پورٹل پر اندراج کرانا ضروری ہے۔اس کے علاوہ محکمہ کی جانب سے اضلاع کی سطح پر وقتا فوقتاآن لائن روزگار میلوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔

نواب ملک کے مطابق محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے مہاسویم ویب پورٹل پر اب تک 91ہزار908 سرکاری اور نجی کاروباری اداروء وافراد نے اندراج کیا ہے۔ ان میں سے بہت سے کاروباری افراد اپنی ضروریات کے مطابق اپنے یہاں خالی اسامیوں کو مہاسویم ویب پورٹل اور اسکل ڈیولپمنٹ محکمہ کی آن لائن میلوں کے ذریعے پرکرتے ہیں۔جس سے ملازمت کے متلاشیوں کومحکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے ذریعے ایک بہتر پلیٹ فارم مہیا ہوا ہے۔

محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے مطابق اکتوبر2021 میں 51 ہزار862 روزگار کے خواہشمند امیدواروں نے محکمہ کے پاس رجسٹرڈ یا دوبارہ رجسٹرڈ کیا ہے۔ ان میں ممبئی ڈیویژن سے 11ہزار695،ناسک ڈیویژن سے 9 ہزار393،پونے ڈیویژن سے 13ہزار984، اورنگ آبادڈویژن سے8 ہزار672، امراؤتی ڈویژن سے 5 ہزار71 جبکہ ناگپور ڈویژن سے3 ہزار47 ؍افراد رجسٹرڈ ہوئے۔اس کے علاوہ ماہ اکتوبر میں محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کی جانب سے عمل میں لائے جانے والے مختلف پروگرام کے ذریعے19؍ہزار 648؍امیدواروں کوملازمت ملی ہیں۔ ان میں سے ممبئی ڈویژن کے سب سے زیادہ7؍ہزار686، ناسک ڈویژن کے4ہزار4، پونے ڈویژن کے 4ہزار742، اورنگ آباد ڈویژن کے2ہزار374، امراؤتی ڈویژن کے484 ؍اور ناگپور ڈویژن کے358 لوگ روزگار سے لگے ہیں۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔