NCP Urdu News 1 March 23

’اب کس ستم کی مثال دوں تم کو، ہرستم لاجواب کرتے ہو‘

اردوشعر کے ذریعے مہیش تپاسے کا وزیراعظم مودی پر نشانہ

ممبئی:’اب کس کس ستم کی مثال دوں تم کو، تم توہرستم لاجواب کرتے ہو‘اردو کے اس شعر کے ذریعے این سی پی کے ریاستی چیف ترجمان مہیش تپاسے نے گھریلوگیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف وزیراعظم مودی پر تنقید کی ہے۔

تپاسے نے کہا کہ گزشتہ سال گھریلو گیس سلنڈر کی قیمتوں میں چار بار اضافہ کیا گیا اوراس سال بھی ہولی کے تہوار کے موقع پر گھریلو گیس سیلنڈر کی قیمت میں 50روپئے اور کمرشیل گیس سیلنڈر کی قیمت میں 350روپئے کا اضافہ کردیا گیا۔انہوں نے کہا ہے کہ گھریلو اور کمرشیل استعمال کے لیے گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عام شہریوں پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔ گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافے سے اسٹالس پر ملنے والی چائے کی قیمت دگنی ہو جائے گی۔ ہوٹل میں کھانے کی قیمت بھی عام شہریوں کی پہنچ سے باہر ہو گی۔ دوسری جانب ملک کی شرح نمو گزشتہ سال کے مقابلے میں مزید کم ہونے سے ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے،لیکن مرکز کی مودی حکومت اس پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ مہیش تپاسے یہ بھی کہا کہ گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور سبسڈی کی بندش کی وجہ سے خواتین کو گیس بند کر کے چولہے جلانا پڑ رہا ہے اور اجولا یوجنا کے ناکام ہونے کی تصویر صاف طور پر دیکھی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یو پی اے کے زمانے میں ملنے والا 350روپئے کا گیس سیلنڈر اب 1100 روپے کا ہوگیا ہے جس کی وجہ سے دیہی علاقوں میں خواتین کی مالی منصوبہ بندی ان کی دسترس سے باہر ہو گئی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading