…پھروزیراعلیٰ ونائب وزیراعلیٰ سے پوچھنے کی کیا ضرورت؟
آکروش مورچے میں جینت پاٹل کااجیت پوار سے سوال
ناسک:شرد پوار صاحب کی اصل این سی پی کسانوں کے لیے سڑکوں پر ہے۔ اگر آپ ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ گئے ہیں تو پھرآئیے کسانوں کے ساتھ کھڑے ہوئیے۔ ریاست کی تجوری آپ کے ہاتھ میں ہے۔ فصل بیمہ آپ کے ہاتھ میں ہے، کھاد وبیج آپ کے ہاتھ میں ہے۔ پھر وزیر اعلیٰ اور دوسرے نائب وزیر اعلیٰ سے پوچھنے کی کیا ضرورت ہے؟آکروش مورچے کے دوران یہ سوال این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے اجیت پوار سے کیا ہے۔
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی جانب سے آکروش مورچہ آج ڈنڈوری میں منعقد کی گئی۔اس موقع پر جینت پاٹل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارا کسان بے سہارا ہے۔ اس سے پہلے کبھی اتنے بڑے پیمانے پر خشک سالی کا بحران کسانوں پر نہیں پڑا تھا۔ ہمیں آٹھ ماہ سے خشک سالی کا سامنا تھا، اب بے موسم بارش نے سب کچھ تباہ کر دیا ہے۔ حکومت کی یہ پالیسی ہے کہ جب تک کسان مکمل طور پر تباہ نہ ہوجائے اس وقت تک اسے کچھ نہیں دینا۔ اس لیے پچھلے کئی مہینوں سے مسلسل مطالبے کے باوجود حکومت نے ریاست کے کچھ حصوں میں ہی خشک سالی کا اعلان کیا ہے۔
جینت پاٹل نے کہا کہ آج صبح میں متاثرہ علاقے کا دورہ کر رہا تھا۔ اس وقت ایک کسان کلہاڑی سے انگور کے بیل کاٹ رہا تھا۔ اس نے بتایا کہ ساڑھے تین لاکھ روپئے خرچ کر کے ایک روپیہ بھی نہ ملے تو اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اس ریاست میں کسانوں کا یہی حال ہے۔ حکومت کو اس صورتحال میں کسانوں کی مدد کے لیے آگے آنا چاہئے۔ کسانوں کے قرض معافی کی پالیسی بنائی جانی چاہئے۔ اس حکومت نے جزوی خشک سالی کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کہہ رہی ہے کہ کچھ جگہوں پر خشک سالی جیسی صورتحال ہے۔ جہاں خشک سالی جیسے حالات ہیں، کیا کسانوں کے بجلی کے بل معاف ہوں گے؟ کیا طلبہ کی فیس معاف ہو جائیں گی؟ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر بغیر کسی شرط کے خشک سالی کا اعلان کرے اور سب کو تمام رعایتیں دے۔جینت پاٹل نے کہا کہ ناسک ضلع میں دودھ کی قیمت 27 روپے ہے۔ اتنی کم قیمت میں کسان کیسے گزربسر کریں گے؟ کرناٹک حکومت دودھ پیدا کرنے والے کسانوں کو 5 روپے فی لیٹر سبسڈی دیتی ہے۔ لیکن ہمارے مہاراشٹر میں کسانوں کو کوئی سبسڈی نہیں دی جاتی۔گجرات کے امول کے پاس دودھ بیچنے کا انتظام ہے، کرناٹک کی نندنی کے پاس دودھ بیچنے کا انتظام ہے، لیکن افسوس کہ ہمارے مہاراشٹر میں ہماری اپنی ریاست کے کسانوں کو قیمت نہیں دی جاتی۔
جینت پاٹل نے مزید کہا کہ پیاز پیدا کرنے والے کسان اس علاقے کا ایک اہم جزو ہیں۔ لیکن اس حکومت نے اسی پیاز پر 40 فیصد ایکسپورٹ ڈیوٹی لگا دی ہے۔ اس لیے پیاز کو باہر نہیں بھیجا جا سکتا جس کے نتیجے میں یہاں پیاز سڑ جاتا ہے۔ فصلوں کی بیمہ کمپنیاں کچھ وجوہات کی بنا پر رقم کی واپسی نہیں کرتی ہیں۔ مہاراشٹر میں دھوکہ دہی پر مبنی فصل انشورنس پروگرام مضبوط ہو رہا ہے۔ یہ ہماری ریاست کا المیہ ہے کہ کسانوں کو فصل بیمہ کی رقم نہیں مل رہی ہے۔ وزیر زراعت نے کہا تھا کہ کسانوں کو دیوالی سے پہلے فصل بیمہ کی رقم مل جائے گی۔ پیسے نہ ملنے پر کسان دیوالی نہیں منائیں گے۔ ان کی دیوالی زوروں پر تھی لیکن ہمارے بلی راجہ کو پیسے نہیں ملے۔ اس لیے کسانوں کا اس حکومت پر کوئی بھروسہ نہیں ہے۔
جینت پاٹل نے کہا کہ آج ہم نے آکروش مورچہ نکالا ہے لیکن یہ لڑائی یہیں نہیں رکے گی۔ یہ مسئلہ اپنے ساتھیوں کی مدد سے آنے والے سرمائی اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔ ہم میں سے جو لوگ حکومت کے ساتھ گئے ہیں وہ فائیو سٹار ہوٹل میں چنتن کر رہے ہیں۔ لیکن شرد پوار صاحب کی اصلی این سی پی کسانوں کے لیے سڑکوں پر ہے۔ اگر آپ ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ گئے ہیں توآئیے ان کسانوں کے ساتھ کھڑے ہوئیے۔ سرکاری خزانہ آپ کے ہاتھ میں ہے، فصلوں کی بیمہ آپ کے ہاتھ میں ہے، بیج وکھاد آپ کے ہاتھ میں ہے، پھر وزیر اعلیٰ اور دوسرے نائب وزیر اعلیٰ سے پوچھنے کی کیا ضرورت ہے۔
