ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شرد چندر پوار کی جانب سے وشال گڑھ سے دو کلومیٹر دور مسلم اکثریتی آبادی گجاپور میں گھروں میں گھسنے اور وہاں کے مذہبی مقامات میں توڑ پھوڑ کی مذمت کی گئی ہے۔ پارٹی کے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر شرد چندر پوار پارٹی جینت پاٹل نے کہا ہے کہ شیوپریم کے نام پر جو تشدد اور فساد برپا کیا گیا ہے وہ خود چھترپتی شیواجی مہاراج بھی پسند نہیں کرتے۔
جینت پاٹل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا ہے کہ ہم وشال گڑھ پر غیر قانونی تجاوزات کو قانونی طریقوں سے ہٹانے کے لیے انتظامیہ کی کارروائی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ مگر چونکہ وشال گڑھ میں بہت زیادہ بارش ہوتی ہے اس لیے انسانی ہمدردی کے نقطہ نظر سے مانسون کے بعد اس تجاوزات کو ہٹانا زیادہ مناسب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وشال گڑھ کے دامن سے دو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع مسلم اکثریتی بستی گجا پور کے گھروں میں گھسنے اور وہاں کے مذہبی مقامات پر کی جانے والی توڑ پھوڑ اور سماجی شرپسندوں کی کارروائی کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔
جینت پاٹل نے مزید کہا کہ خود چھترپتی شیواجی مہاراج کو بھی شیو پریم کے نام پر تشدد اور فسادات پسند نہیں ہوتے۔ گجاپور کے مسلمان بھائیوں کو نشانہ بناتے ہوئے ان پر سیدھا حملہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس ریاست کے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کرنے میں ناکام ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس حملے میں بے گھر ہونے والوں کی باز آبادکاری کی جائے اور ان پر حملہ کرنے والوں کے سخت کارروائی کی جائے نیز انہیں غیر ضمانتی دفعات کے تحت گرفتار کیا جائے