ششی کانت شندے کی بطور ریاستی صدر ریاستی دفتر میں آمد پر زبردست استقبال
روہت پوار کی ریاستی جنرل سیکریٹری کے عہدے پر تقرری
ممبئی: نئے ریاستی صدر اور رکن اسمبلی ششی کانت شندے کی تقرری کے بعد پہلی مرتبہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شرد پوار گروپ کے ریاستی دفتر پہنچنے پر ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ پارٹی کارکنوں نے پھلجھڑیاں اور پٹاخے پھوڑ کر ان کا خیر مقدم کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز یشونت راؤ چوہان پرتشتھان میں ہونے والی پارٹی کی ریاستی عاملہ کی میٹنگ میں شرد پوار نے ششی کانت شندے کو ریاستی صدر مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسی تقرری کے بعد آج جب وہ پہلی بار دفتر پہنچے تو ان کا جوش و خروش سے خیر مقدم کیا گیا۔ اس موقع پر ششی کانت شندے نے اہم فیصلہ لیتے ہوئے پارٹی کے ایم ایل اے روہت پوار کو ریاستی جنرل سیکریٹری مقرر کیا اور انہیں تمام فرنٹل تنظیموں اور سیل کے انچارج کے طور پر ذمہ داریاں سونپی گئیں۔
اس موقع پر ششی کانت شندے نے خطاب بھی کیا اور کہا کہ شرد پوار صاحب اور جینت پاٹل، نیز پارلیمنٹ میں بہترین نمائندگی کرنے والی سپریا سولے جیسے رہنماؤں کے نظریات پر مبنی اس پارٹی کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ہم نئی حکمتِ عملی تیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی سابقہ تنظیم نے جس طرح محنت اور استقامت سے کام کیا، ہم ان سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ پرانے عہدیداروں کے ساتھ ساتھ کچھ نئے چہروں کو بھی اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی تاکہ تحریک کو مضبوط، متحرک اور مربوط انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔ روہت پوار کی جنرل سیکریٹری کے طور پر تقرری اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
ششی کانت شندے نے کارکنوں کو یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ پہلے سے موجود کمیٹیاں اپنی جگہ قائم رہیں گی، ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ اگر مستقبل میں کسی طرح کی رد و بدل کی ضرورت محسوس ہوئی تو سب کی مشاورت سے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے اور پرانے کارکنوں کا امتزاج ایک ایسی مضبوط تنظیم کو جنم دے گا جو زمینی سطح پر تحریک کو عوام سے جوڑے گی۔ روہت پوار کو او بی سی سیل اور یوتھ ونگ کی بھی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ شندے نے یقین ظاہر کیا کہ ریاست بھر میں ہم شرد پوار اور دیگر سینئر قائدین کی رہنمائی میں مضبوط تنظیمی ڈھانچہ قائم کریں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے روہت پوار نے کہا کہ میرے جیسے ایک عام کارکن کو اتنی بڑی ذمہ داری دی گئی ہے، یہ میرے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے اب تک ہم پھلے، شاہو، اور امبیڈکر کے نظریات پر کام کرتے آئے ہیں، ویسے ہی شرد پوار صاحب کے خیالات کے ساتھ چلتے رہیں گے۔ ششی کانت شندے کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ پر جتنی بھی آزمائشیں آئیں، آپ نے نہ کبھی خوف کھایا، نہ ہی نظریات سے پیچھے ہٹے اور ہمیشہ شرد پوار صاحب کے ساتھ کھڑے رہے۔ اسی طرح ہم سب بھی، میں اور مہاراشٹر بھر کے کارکنان، شرد پوار کے ساتھ وفاداری کے ساتھ کھڑے ہیں اور آئندہ بھی پہلے سے زیادہ قوت و جوش کے ساتھ ساتھ کھڑے رہیں گے، یہی میرا آپ سے وعدہ ہے۔
NCP-SP Urdu News 16 July 25.docx