بھیونڈی راشٹروادی کی کارگردگی سے وزیر جیتندر اوہاڑ ناراض : جائزہ اجلاس میں مقامی صدر کے کام کرنے کے طریقے پر اٹھائے سوال
بھیونڈی ( ایس اے ):- بھیونڈی کے پاٹیدار ہال میں منعقدہ راشٹروادی پارٹی کے جائزہ اجلاس میں ریاستی ہاؤسنگ وزیر جیتندر اوہاڑ نے مقامی صدر بھگوان ٹاورے کے کام کرنے کے طریقے پر شدید نقطہ چینی کرتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا اور کام کرنے کی صلاح دی ۔ ہاؤسنگ وزیر جیتندر اوہاڑ نے پارٹی لیڈران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این سی پی ایک نظم و ضبط والی پارٹی ہے ۔
اگر پارٹی کے کارکنان کی تعداد کم ہے تو کوئی بات نہیں لیکن وہ وفادار ہونے چاہئے ۔ لہذا غیر ڈسپلن پارٹی کارکنان کو اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ بھیونڈی شہر کے ضلعی جائزہ اجلاس سے خطاب کے دوران ہاؤسنگ وزیر جیتندر اوہاڑ نے مقامی صدر بھگوان ٹاورے کے کام کرنے کے طور طریقے پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکنان میں نظم و ضبط کے فقدان کی وجہ سے آج یہاں اسٹیج پر ہجوم ہے جبکہ اسٹیج کے سامنے کی خالی پڑی کرسیوں سے یہاں موجود کارکنان کی تعداد میں کمی کو محسوس کیا جاسکتا ہے ۔ یہ اطمینان بخش نہیں ہے ۔ پارٹی صرف بات کرکے نہیں بڑھتی ، یہاں (سنگھٹن) تنظیم کمزور ہے ۔ سچائی کو قبول کرنا سیکھیں، پارٹی کے پرانے اور نئے کارکنان کے آگے بڑھنے میں تکلیف نہیں ہونی چاہئے ۔ پارٹی میں اپنی من مانی اور دھاندلی کو کم کریں ، پارٹی کو تقویت دیں کسی کو جو بھی پارٹی کے لئے کام کررہا ہے، اگر پارٹی کے اعلیٰ عہدیداروں و لیڈران کے وہاں وہ جاتے ہیں تو انہیں جانے دیں۔ وہ اپنی سطح پر پارٹی کا کام کر رہے ہیں ۔
وہ پارٹی کے وقار کو بڑھائے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ جو بھی پارٹی سے غداری کرے گا اسے باہر کا راستہ دکھایا جائے گا ۔ پروگرام کی نظامت این سی پی کے مقامی جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ سنیل پاٹل نے کی اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں جبار قاضی ، پروین پاٹل ، غیاث الدین انصاری ، عارف علوی ، راجیش چوان ، رسول خان نے بھرپور تعاون کیا ۔
جتیندر آوہاڑ نے سماج وادی پارٹی کے بھیونڈی مشرق کے ایم ایل اے رئیس شیخ کا نام لئے بغیر کہا کہ ایک شخص دس دن میں بھیونڈی آتا ہے اور ایم ایل اے بن جاتا ہے، اس سے آگاہ رہو کہ آپ کس کو ووٹ دے رہے ہیں ، آپ خود کھائی میں پڑ رہے ہیں ہم شہر میں ماحول پیدا کرکے نہیں بھاگیں گے۔ ہمیں لوگوں کے دلوں میں جگہ بنانی ہوگی۔ شہر کے شہری پریشانیوں کا شکار ہیں انہیں انصاف کون دے گا؟ اس سوال کے جواب کے لئے ہی راشٹروادی پارٹی پوری مستعدی سے عوام کا کام کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ اس موقع پر سابق ممبر پارلیمنٹ آنند پرانجپے ، مقامی صدر بھگوان ٹاورے، خواتین سیل کی صدر سواتی کامبلے موجود تھی ۔