بھارت جوڑو یاترا میں سول سوسائٹی کے شرکت کے فیصلے کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں:

ملک بھر میں سول سوسائٹی کی 225تنظیموں کی جانب سے بھارت جوڑویاترا کی حمایت

ممبئی:ملک بھر میں سول سوسائٹی کی 225 سے زائد تنظیموں کے نمائندوں نے عملی طور پر بھارت جوڑو یاترا کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان تمام تنظیموں کے نمائندے بشمول کسان، محنت کش، مزدورو خواتین بڑی تعداد میں بھارت جوڑو یاترا میں شرکت کریں گے۔ تمام لوگوں کی شرکت سے بھارت جوڑو یاترا ایک عوامی تحریک بن چکی ہے، ہم سول سوسائٹی کی تنظیموں کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہی ہیں۔

ممبئی کے اسلام جم خانہ میں سول سوسائٹی کے نمائندوں کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی،جس میں عظیم مجاہدِ آزادی بی جی پاریکھ، یوگیندر یادو، میدھا پاٹکر، تشار گاندھی، پرتیبھا شندے، سبھاش وارے، ورشا دیشپانڈے، سشیلتائی مورالے، فیروز میٹھی بوروالا، للت بابر، سندیش بھنڈارے، الکا مہاجن، ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے، قانون ساز کانگریس پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات، ریاستی کانگریس کے نائب صدرو سابق ایم پی حسین دلوائی، ریاستی جنرل سکریٹری دیوآنند پوار، پرکاش سوناؤنے سمیت مختلف سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندے موجود تھے۔

اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ جب سے ملک میں بی جے پی کی حکومت آئی ہے، جمہوریت اور آئین خطرے میں آگئے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی ایک منصوبہ بند طریقے سے ملک میں سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو تباہ کرکے نفرت کی فضا پیدا کی گئی۔ مہنگائی وبیروزگاری نیز معاشی تفاوت کے خلاف راہل گاندھی کی قیادت میں کنیا کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑو یاترا نکالی گئی ہے جس میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری لاکھوں کی تعداد میں حصہ لے رہے ہیں، جس کی وجہ سے یہ یاترا اب ایک عوامی تحریک بن چکی ہے۔جمہوریت،آئین اور سماجی انصاف پر یقین رکھنے والے تمام لوگوں کو اس یاترا میں شریک ہونا چاہئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سول سوسائٹی کے نمائندے نے کہا کہ کانگریس حکومت سب کو ساتھ لے کر کام کر رہی تھی، ملک میں بھائی چارے کا ماحول تھا۔ سول سوسائٹی، سماجی تنظیموں سے بات چیت کی جا رہی تھی۔قانون اور مختلف فلاحی اسکیمیں تیار کرتے ہوئے جامع بحث کی جارہی تھی۔ لیکن ۸سال قبل جب سے بی جے پی حکومت آئی ہے آئین، جمہوریت، سماجی تنظیم، سول سوسائٹی، ادیبوں و فنکاروں غرض کہ تمام لوگوں کی آوازوں کو دبایا جا رہا ہے۔ اس کے خلاف راہل گاندھی نے جو پدیاترانکالی ہے وہ اس آمریت کے خلاف ایک فیصلہ کن لڑائی ہے جس میں ہم تمام لوگ اپنے ساتھیوں کے ساتھ بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

سینٹرل عیدمیلادالنبی کمیٹی کی جانب سے عظیم الشان جلوس نکالاگیا

ممبئی:سینٹرل عیدمیلادالنبی کمیٹی کی جانب سے ہرسال کی طرح اس سال بھی سرکارِدوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کے موقع پر عظیم الشان جلوسِ عیدمیلادالنبی نکالا گیا۔ کمیٹی کے صدرمحمد عارف (نسیم)خان کی صدارت، مولانا عبدالکلام علوی کی قیادت،مہمانِ خصوصی مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرنانابھاؤ پٹولے، سابق ممبرپارلیمنٹ مولانا عبیداللہ خان اعظمی کی موجودگی میں جامع مسجد کمپاؤنڈ، گھاٹکوپر میں ایک زبردست جلسے کا انعقاد عمل میں آیا، جس کے بعد چراغ نگر، گھاٹکوپرجامع مسجد سے ایل بی ایس مارگ ہوتے ہوئے وکرولی پارک سائٹ تک تقریباً 250سے زائد ٹرکوں وٹیموؤں پر سوار لوگوں کے ساتھ عظیم الشان جلوسِ محمدی نکالاگیا۔ اس زبردست وپروقار جلوس کے ذریعے پیغمبرِ اسلام کے امن وشانتی وبھائی چارے کے پیغام کو لوگوں تک پہنچایا گیا۔ جلوس کے دوران مختلف جگہوں پر لوگوں نے جلوس کے قائدین کی گلدستوں کے ذریعے استقبال کیا۔ سہ پہر تین بجے سے شروع ہوا یہ جلوس دیررات تک اپنے اختتام تک پہنچا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading