MPCC Urdu News 7 Oct 23

کانگریس پارٹی کو گھر گھر پہنچانے کے لیے تنظیمی ڈھانچے کی تعمیر پر مزید توجہ دینی ہوگی: ناناپٹولے
ریاستی کانگریس کمیٹی کے کوکن ڈویژن کی نیوممبئی میں جائزہ میٹنگ کا انعقاد
جب علاج کے فقدان کے لوگوں کی جان جارہی ہے تو وزیراعلیٰ کے عہدے پر بحث کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے
ممبئی:ریاست میں کانگریس پارٹی پر اعتماد کرنے والوں کا ایک بڑا طبقہ ہے اور ملک کے موجودہ سیاسی حالات کے پیشِ نظر لوگوں کی یہ بھی سوچ ہے کہ کانگریس سب کو ساتھ لے کر چلنے والی پارٹی ہے۔ کانگریس کے نظریات کو آخری فرد تک پہنچانے کے لیے بلاک، منڈل اور گاؤں کی سطح پر پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کی تعمیر پر مزید توجہ دینا ضروری ہے۔یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہیں ہیں۔
سنیچر کو نیو ممبئی میں کوکن ڈویژن کے تمام اضلاع کی ایک جائزہ میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدرنے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ادے پور کیمپ میں لئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے منڈل کمیٹیوں، بوتھ سربراہوں، گاؤں کی کمیٹیوں، بلاک ایگزیکٹو، تنظیمی اسامیوں کی موجودہ صورتحال اور ووٹر لسٹ میں شامل لوگوں کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ آنے والے تمام انتخابات کے مطابق ووٹرلسٹ میں لوگوں کے نام کو درست کروانے کے علاوہ ضلع اور بلاک کی سطح پر کانگریس کے ریزولیوشن بکلیٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔پٹولے نے کہا کہ آج کوکن ڈویژن کے تمام اضلاع کا جائزہ لینے کے بعد آنے والے دنوں میں مغربی مہاراشٹرا، مراٹھواڑہ، شمالی مہاراشٹرا اور ودربھ کے تمام اضلاع میں اسی طرح کی جائزہ میٹنگ منعقد کرکے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے پر زور دیا جائے گا۔
صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو اس میں کوئی دلچسپی نہیں ہے کہ ریاست کا وزیر اعلیٰ کون ہوگا۔ طبی سہولیات کی کمی کی وجہ سے ریاست کے لوگ سرکاری اسپتالوں میں روزانہ مر رہے ہیں، کسان مشکل میں ہیں لیکن مہاراشٹر حکومت ریاست کو خشک سالی سے متاثرہ قرار نہیں دے رہی ہے۔ ریاست کے کچھ حصوں میں بارش بہت زیادہ ہیں تو کچھ حصوں میں خشک سالی کے حالات ہیں۔ بے روزگاری اور مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ بی جے پی کی ریاست میں لوگوں کا جینا مشکل ہو گیا ہے۔ یہ مہاراشٹر کی بدقسمتی ہے کہ حکمراں پارٹی کے لیڈر عوام اور کسانوں کے مسائل کو ایک طرف رکھتے ہوئے اس پر بحث کررہے ہیں کہ مہاراشٹر میں وزیر اعلیٰ کون اور وزیر کون بنے گا۔
کوکن ڈویژن کی اس جائزہ میٹنگ میں ریاستی صدر نانا پٹولے، سابق وزیر اور ریاستی ورکنگ صدر نسیم خان، مہیلا کانگریس کی ریاستی صدر سندھیا سوالاکھے، کوکن ڈویژن کے کوآرڈینیٹر اور جنرل سکریٹری راجیش شرما، ریاستی جنرل سکریٹری پرمود مورے اور دیوانند پوار سمیت کئی لیڈران موجود تھے۔اس موقع پرکانگریس کے ریاستی صدر نے کانگریس پارٹی کے ترجمان ’جن مانساچی شدوری‘ کے ایپ کی شروعات بھی کی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading