راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو نیا ئےیاترا 12 مارچ کو مہاراشٹر میں داخل

ممبئی:ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو نیا ئےیاترا 12 مارچ کو مہاراشٹر میں داخل ہوگی۔ اس یاترا کی تمام تیاریاں تقریباً مکمل ہوچکی ہیں۔یہ یاترا نندوربار سے مہاراشٹر میں داخل ہوگی اور 17 مارچ کو ممبئی میں اس کا اختتام ہوگا۔ نیا ئے یاترا کااختتامی اجلاس ممبئی کے تاریخی شیواجی پارک میدان میں ہوگا۔ اس جلسے میں انڈیا الائنس کے تمام اہم لیڈران شریک ہونگے اور اسی جلسے کے ذریعے آنے والے لوک سبھا انتخابات کا بگل بجایا جائے گا۔ یہ اطلاع آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے دی ہے۔

بھارت جوڑو نیائے یاترا کی تیاری کے لیے ریاستی کانگریس کے انچارج رمیش چننیتھلا کی موجودگی میں اور ریاستی صدر نانا پٹولے کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاستی کانگریس کےصدر نانا پٹولے نے کہا کہ راہل گاندھی کے نندوربار سے ممبئی کے دورے کے لیے متعلقہ علاقوں کے لیڈروں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ شیواجی پارک میدان میں یاترا کی اختتامی میٹنگ منعقد کرنے کی اجازت طلب کی گئی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ شیواجی پارک مل جائے گا اور حکومت اس پر کوئی سیاست نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو نیائے یاترا چھترپتی شیواجی مہاراج، راجرشی شاہو مہاراج، مہاتما پھلے، ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے افکار کی سرزمین پر اختتام پذیر ہو رہی ہے لیکن مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومتیں ان عظیم انسانوں کے نظریات کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ بی جے پی جمہوریت اور آئین کو تباہ کر رہی ہے لیکن ہم انہیں منھ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے پاس اب کوئی قابل امیدوار نہیں ہے، اس لیے وہ دوسری پارٹیوں کے لیڈروں کو چرا رہی ہے۔ بی جے پی کے دو کارکنان ای ڈی اور سی بی آئی بھی اس کے لیے کام کر رہے ہیں۔ بی جے پی اب ’مودی پریوار ‘بن چکی ہے اور انہیںاب جیتنے کا یقین نہیں ہے۔اس لوک سبھا انتخابات میں مرکزی وزیر نتن گڈکری کو مرکزی قیادت سے ٹکٹ ملے گا یا نہیں، اس میں شک ہے۔ گڈکری ایک قومی لیڈر ہیں اور ان کا نام بی جے پی کی پہلی فہرست میں ہونا چاہیے تھا لیکن ایسا نہیں ہوا۔ پٹولے نے کہا کہ ناگپور کے لیے کانگریس کے پاس بھی قابل امیدوار ہے اور اس سال وہ جیت کا جھنڈا لہرائے گا اور کانگریس سانگلی سیٹ سے بھی انتخاب لڑے گی۔

اس میٹنگ میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات، سابق وزیر اعلیٰ سشیل کمار شندے، پرتھوی راج چوہان، اپوزیشن لیڈر وجے ودیٹی وار، ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ، گوا کے انچارج مانیک راؤ ٹھاکرے، سابق وزیر ڈاکٹر نتن راؤت، سنیل کیدار، اسلم شیخ ، امیت دیشمکھ، شیواجی راؤ موگھے، ایم پی چندرکانت ہنڈورے، ریاستی ورکنگ صدر نسیم خان، اے آئی سی سی سکریٹری آشیش دووا، بی ایم سندیپ، ایم ایل اے پرنیتی شندے، خزانچی ڈاکٹر امرجیت سنگھ منہاس، بھائی جگتاپ، نانا گاوندے اور دیگر لیڈران موجود تھے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading