پربھنی میں کانگریس کی ’سَدبھاؤنا‘ یاترا کا شاندار استقبال، آج ’آئین بچاؤ یاترا‘ کا انعقاد
پربھنی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہَرش وردھن سپکال نے کہا ہے کہ جیسے بھکت پرہلاد کی سچی عقیدت سے نرسِنگھ اوتار کا ظہور ہوا تھا، ویسے ہی آج ملک میں ای وی ایم یا بیلٹ پیپر کے ذریعے نرسِنگھ اوتار جنم لے گا اور بی جے پی کی راکشس صفت بدعنوانی اور آمرانہ روش کا خاتمہ کرے گا۔ وہ یہاں پربھنی میں نکالی گئی کانگریس کی ’سَدبھاؤنا‘ یاترا سے خطاب کر رہے تھے۔
ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ جس طرح پرہلاد کی بھگتی میں سچائی اور اصولوں کی پاسداری تھی، وہی بات کانگریس کارکنان کے خیالات، اخلاق اور طرزِعمل میں بھی جھلکتی ہے۔ جب ہم کانگریس کی بات کرتے ہیں تو دوسری طرف ایک ایسی سیاسی جماعت نظر آتی ہے جو راون کی طرح جبر و ظلم کی علامت ہے اور جو صرف پارٹی بدلنے کو ہی نجات کا راستہ سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ’سَدبھاوٗنا‘ یاترا سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے مقصد سے نکالی گئی تھی، جس کی قیادت کانگریس کے ریاستی صدر ہَرش وردھن سپکال نے کی۔ یاترا کا آغاز صبح پوکھرنی میں نرسِنگھ دیو کے درشن سے کیا گیا۔
اس موقع پر ریاستی سطح کے کئی ممتاز رہنما اور کارکنان موجود تھے جن میں ایم ایل سی اور کانگریس لیجسلیٹیو گروپ لیڈر ستےج عرف بُنٹی پاٹل، سابق وزیر نِتن راؤت، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری کنال چودھری، رکن پارلیمان ڈاکٹر کلیان کالے، ایم پی رویندر چوہان، سابق وزیر سریش ورپوڈکر، رمیش باگوے، کانگریس سیوا دل کے ریاستی صدر ولاس اوتاڈے، پربھنی شہر ضلع کانگریس صدر ندیم انعامدار، ایڈوکیٹ گنیش پاٹل، موہن جوشی، تکارام رینگے پاٹل، برج دت، رام چندر دلوَی، مجاہد خان، کیدار سالُکے، بالا صاحب دیشمکھ اور ابھئے دیشمکھ سمیت کئی دیگر عہدیداران اور کارکنان شامل تھے۔
ہَرش وردھن سپکال نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست میں کچھ طاقتیں دانستہ طور پر سماجی کشیدگی پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ پربھنی میں بھی حالیہ واقعات اسی کا تسلسل ہیں۔ ایسے ماحول میں کانگریس نے بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے اس ’سَدبھاؤنا‘ یاترا کا اہتمام کیا ہے۔ اس سے قبل بھی بیڑ ضلع کے مَسا جوگ سے بیڑ، ناگپور اور ناسک میں ایسی یاترائیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ کل پرلی میں ’سَدبھاؤنا‘ ستیہ گرہ کیا گیا۔
کانگریس لیجسلیٹیو گروپ لیڈر ستیج عرف بنٹی پاٹل نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب حکمراں طبقہ سیاسی مفادات کے لیے سماج میں منافرت پھیلانے میں مصروف ہے، ایسے میں کانگریس ہَرش وردھن سپکال کی قیادت میں اتحاد اور یکجہتی کی شمع روشن کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عوام کو لوٹ کر صنعتکاروں اور ٹھیکیداروں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے، اور ’شکتی پیٹھ مہا مارگ‘ کے بہانے کسانوں کی زرخیز زمینوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔ کانگریس اس سازش کو کسی حال میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
آج کی ’سَدبھاؤنا‘ یاترا کے دوران صبح کے سیشن میں 8 کلومیٹر اور دوپہر کے سیشن میں بھی 8 کلومیٹر طویل پیدل مارچ کیا گیا۔ شام کو ماہِر منگل کاریالیہ میں یاترا کا اختتام عمل میں آیا۔ پیر(آج) 5 مئی کو پربھنی شہر میں کانگریس کے مہاراشٹر انچارج رمیش چنّی تھلا کی موجودگی میں ’آئین بچاؤ یاترا‘ اور ’آئین کانفرنس‘ کا انعقاد اکشتا منگل کاریالیہ میں کیا جائے گا۔
کانگریس کے ریاستی صدر ہَرشوردھن سپکال اور ایم ایل سی ستیج عرف بنٹی پاٹل نے اس موقع پر پربھنی میں حالیہ دنوں سماجی تحریک کے دوران جاں بحق ہونے والے مبیڈکری لیڈر وجے واکوڑے کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ ان کے ہمراہ سابق رکن پارلیمان و ریاستی نائب صدر توکارام رینگے پاٹل، شہر کانگریس صدر ندیم انعامدار، ایڈوکیٹ مجاہد خان، ناگسین بھیرجے، توفیق مولانی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔