اسمبلی کا خصوصی اجلاس نہیں بلایا گیا تو ریاست گیراحتجاج کریں گے: ناناپٹولے
بی جے پی حکومت ممبئی کی اہمیت کم کرنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے
ایم وی اے کی’وجرموٹھ‘ جلسہ منسوخ نہیں گا، ری شیڈولنگ کی جائے گی
ممبئی:ریاست کو درپیش مسائل پر بحث کے لیے کانگریس لیڈروں کے ایک وفد نے ریاست کے گورنر رمیش بیس سے مل کر اسمبلی کا دو روزہ خصوصی اجلاس بلانے کی اپیل ہے۔ ہمیں امید ہے کہ محترم گورنر ریاست کے عوام کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پر غور کریں گے۔ اگر خصوصی اجلاس نہیں بلایا گیا تو ہماری پارٹی کے لیڈران اور کارکنان عوام کے مسائل پر پوری ریاست میں زبردست تحریک شروع کریں گے۔ یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہی ہیں۔
جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ غیر موسمی بارش اور ژالہ باری سے کسانوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ ایسے بحران میں کسانوں کو فوری طور پر مالی مدد کی ضرورت ہے، لیکن شندے-فڈنویس حکومت ان کی مدد نہیں کر رہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ یہ مدد فوری طور پر کی جائے۔ پٹولے نے کہا کہ ریاستی حکومت بارسو میں ریفائنری پروجیکٹ کے خلاف احتجاج کرنے والے مقامی لوگوں کے خلاف پولیس فورس کا استعمال کر رہی ہے۔ حال ہی میں حکومت کی ناقص تیاریوں کی وجہ سے کھارگھر میں 14/ افراد ہلاک ہوگئے۔ اس معاملے میں اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ایسے تمام اہم مسائل پر بحث کرنے کی ضرورت ہے، اس لیے مہاراشٹر کانگریس نے گورنر سے دو دن کے لیے خصوصی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ممبئی کی اہمیت کو کم کرنے کی بی جے پی حکومت کی کوشش
کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت ممبئی اور مہاراشٹر کی اہمیت کم کرنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے۔ ممبئی ملک کی مالیاتی راجدھانی ہے اور اس شہر کا دنیا میں ایک اہم مقام ہے۔ تمام اہم مالیاتی ادارے، مختلف کمپنیوں کے ہیڈ کوارٹر ممبئی میں ہیں۔ ممبئی کی یہ اہمیت بی جے پی کی آنکھوں میں کھٹک رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ممبئی کے اہم دفاتر کو گجرات منتقل کر کے اس شہر کی اہمیت کو کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بلٹ ٹرین ممبئی اور مہاراشٹر پر ایسے وقت مسلط کی جارہی ہے جب اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ممبئی میں بی کے سی میں بین الاقوامی مالیاتی سروس سینٹر کو گاندھی نگر منتقل کر دیا گیا ہے۔ پیٹنٹ، ڈیزائن اور ٹریڈ مارک آفس کو دہلی منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ نیشنل میرین پولیس اکیڈمی کو پالگھر سے گجرات کے دوارکا میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ممبئی میں ہیروں کے تاجروں کا ایک بڑا گروپ پنچ رتن بھون میں کاروبار کرتا تھا لیکن وہ بھی گجرات چلا گیا۔ نانا پٹولے نے کہا ہے کہ ممبئی اورریاست کے اہم دفاتر وپروجیکٹ کو مرکزی حکومت کے اشارے پر ریاست سے باہر منتقل کردیا گیا ہے۔ چونکہ ممبئی کو گجرات میں نہیں لے جایا جا سکتا اس لیے بی جے پی نے اب اس شہر کی اہمیت کم کرنے کی سازش میں جٹ گئی ہے۔
’وجرموٹھ‘ اجلاس کی ری شیڈولنگ
نانا پٹولے نے کہا کہ ریاست میں مہاوکاس اگھاڑی کی ’وجر موٹھ‘ جلسوں کو عوام کی طرف سے زبردست رسپانس مل رہا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر، ناگپور اور ممبئی میں تین کامیاب وجرموٹھ جلسے ہوئے ہیں۔ مزید اجلاس پونے، ناسک، کولہاپور اور امراؤتی میں ہوں گے۔ لیکن گزشتہ چند دنوں سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں زبردست گرمی ہے۔ اس لیے ان جلسوں کے پروگرام میں تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے واضح کیا کہ’وجر موٹھ‘ اجلاس منسوخ نہیں کیے جائیں گے۔ پٹولے نے کہا کہ اس معاملے پر سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور این سی پی لیڈروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور جلد ہی ان اجلاس کو دوبارہ ترتیب دیا جائے گا۔