لاگت کا ڈیڑھ گنا ایم ایس پی دینا تو دور کی بات، جی ایس ٹی کے ذریعے کسانوں کو لوٹا جا رہا ہے: ہرشوردھن سپکال
3 جون کو ایوت محل کے دابھڈی گاؤں میں کانگریس کی پدیاترا، نریندر مودی کو 10 سال پہلے کیے گئے وعدے یاد دلائے جائیں گے
کسانوں کی آمدنی دُگنی کرنے کے وعدے کا کیا ہوا؟ کانگریس اقتدار میں آ کر ایم ایس پی پر قانون بنائے گی
ممبئی: بی جے پی حکومت خود کو کسانوں پر احسان کرنے والی حکومت کے طور پر پیش کر رہی ہے، کیونکہ اس نے ایم ایس پی یعنی کم از کم امدادی قیمت میں تھوڑا اضافہ کیا ہے، مگر یہ اضافہ نہایت معمولی اور محض نمائشی ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس کی قیادت میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کی حکومت نے 2004 سے 2014 کے درمیان ایم ایس پی میں 120 فیصد سے 150 فیصد تک اضافہ کیا تھا، جبکہ مودی حکومت نے 2014 سے 2024 کے دوران صرف 45 فیصد اضافہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاگت کا ڈیڑھ گنا ایم ایس پی دینا تو دور کی بات ہے، مودی حکومت تو جی ایس ٹی کے ذریعے کسانوں کو کھلے عام لوٹ رہی ہے۔
گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ ایک طرف حکومت ایم ایس پی میں معمولی اضافہ کر رہی ہے، تو دوسری طرف زراعت کی لاگت میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یو پی اے حکومت کے وقت ڈیزل 48 روپے فی لیٹر تھا، جو اب 96 روپے تک جا پہنچا ہے۔ کیمیائی کھاد، کیڑے مارنے والی ادویات اور بجلی پر دی جانے والی سبسڈی مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے، جبکہ زرعی اشیاء پر 18 فیصد جی ایس ٹی نافذ کر کے کسانوں کو مسلسل مالی نقصان میں ڈالا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق مہنگائی کے موجودہ حالات میں ایم ایس پی میں کیا گیا کوئی بھی نام نہاد اضافہ کسانوں کو عملی فائدہ نہیں دے رہی اور یہ محض ایک دکھاوا بن کر رہ گیا ہے۔
2023-24 کے زرعی پیداوار اور سرکاری خریداری کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے سپکال نے بتایا کہ جَوار کی پیداوار 47.37 لاکھ ٹن رہی، لیکن اس میں سے حکومت نے صرف 3.23 لاکھ ٹن خریدی۔ مکئی کی پیداوار 376.65 لاکھ ٹن تھی مگر صرف 5 ہزار ٹن خریدی گئی۔ باجرے کی پیداوار 107.16 لاکھ ٹن رہی، خریداری 7 لاکھ ٹن پر رک گئی۔ راگی (ناچنی) کی پیداوار 16.70 لاکھ ٹن رہی، مگر خریداری محض 2.31 لاکھ ٹن ہوئی۔ چنے کی پیداوار 115.76 لاکھ ٹن رہی، مگر حکومت نے صرف 43 ہزار ٹن خریدے۔ ان اعداد و شمار سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ کسانوں کو اپنی فصلیں اوپن مارکیٹ میں کوڑیوں کے مول نجی تاجروں کو فروخت کرنی پڑتی ہیں، جس سے انہیں زبردست مالی خسارہ برداشت کرنا پڑتا ہے۔
مہاراشٹر میں ہر سال حکومت کی جانب سے ایم ایس پی پر خریداری کا اعلان کیا جاتا ہے، لیکن خریداری مراکز کی شدید قلت ہوتی ہے۔ اگر کہیں مراکز کھول بھی دیے جائیں تو وہاں کا نظام اتنا پیچیدہ ہوتا ہے کہ اس کا فائدہ صرف تاجروں کو ملتا ہے، کسان خالی ہاتھ رہ جاتے ہیں۔ ہرش وردھن سپکال نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس سال سویابین کا ایم ایس پی 4800 روپے فی کوئنٹل مقرر کیا گیا تھا، لیکن کسانوں کو مجبوری میں 4000 روپے فی کوئنٹل کی اوسط قیمت پر ہی اپنی فصل فروخت کرنا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی زرعی کمیٹی نے بھی صاف طور پر سفارش کی تھی کہ ایم ایس پی کو قانونی ضمانت دی جائے اور زرعی اشیاء پر عائد تمام ٹیکس ختم کیے جائیں۔ مگر مودی حکومت نے ان تجاویز کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا۔ کانگریس پارٹی نے وعدہ کیا ہے کہ اقتدار میں آ کر وہ ایم ایس پی کو قانونی حیثیت دے گی اور زرعی ٹیکس مکمل طور پر ختم کیے جائیں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 3 جون کو ایوت محل کے دابھڈی گاؤں میں کانگریس کی جانب سے ’کیا ہوا تیرا وعدہ؟‘ کے عنوان سے ایک بڑی پدیاترا نکالی جائے گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں نریندر مودی نے دابھڈی گاؤں میں ’چائے پر چرچہ‘ پروگرام کے دوران کسانوں سے وعدہ کیا تھا کہ ان کی آمدنی دُگنی کی جائے گی، لاگت کا ڈیڑھ گنا ایم ایس پی دیا جائے گا، سوامی ناتھن کمیشن کی سفارشات نافذ کی جائیں گی اور کسانوں کی خودکشیاں ختم ہوں گی۔ مگر گیارہ سال گزرنے کے باوجود ان میں سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا، بلکہ حالات مزید ابتر ہو گئے ہیں اور آج بھی روزانہ چھ کسان خودکشی کر رہے ہیں۔ انہی جھوٹے وعدوں کے خلاف آواز اٹھانے اور جواب طلب کرنے کے لیے کانگریس پارٹی یہ احتجاجی پدیاترا نکالنے جا رہی ہے۔
زرعی وزیر مانیک راؤ کوکاٹے پر تنقید کرتے ہوئے سپکال نے کہا کہ وزیراعلیٰ فڑنویس نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی کابینہ میں کوئی وزیر غلط کام نہیں کرے گا، مگر مانیک راؤ کوکاٹے مسلسل کسانوں کی توہین کر رہے ہیں۔ پہلے انہوں نے کسانوں کو بھکاریوں سے تشبیہ دی، پھر کہا کہ کسان قرض معافی سے بیٹیوں کی شادیاں اور منگنیاں کرتے ہیں۔ اب وہ سوال کر رہے ہیں کہ ’ڈھیلے کا پنچنامہ کریں کیا؟‘ یہ زبان ناقابلِ قبول ہے۔ سپکال نے سوال کیا کہ کیا ایسے وزیر کا دماغی توازن درست ہے؟ انہوں نے وزیراعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر زرعی وزیر کو تنبیہ کریں، بصورتِ دیگر کانگریس اور کسان خود انہیں سبق سکھائیں گے۔ اس پریس کانفرنس میں کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق راجیہ سبھا رکن کمار کیتکر بھی موجود تھے۔
بھارت میں YES بینک کا جاپانی Sumitomo بینک کو فروخت کا معاملہ عدالتی جانچ کے دائرے میں آنا چاہیے: وشواس اُتگی
YES بینک کی فروخت بھارتی بینکاری خودمختاری پر ضرب، یہ فروخت کس کے مفاد میں ہو رہی ہے؟
ممبئی: جاپان کے دوسرے سب سے بڑے بینک Sumitomo Mitsui Banking Corporation (SMBC) (سومیتومو مِتسُوئی بینکنگ کارپوریشن) نے حال ہی میں بھارت کے نجی شعبے کے ایک اہم بینک YES بینک (یَس بینک) میں تقریباً ₹13,000 کروڑ کی سرمایہ کاری کرتے ہوئے 20 فیصد حصص خرید لیے ہیں۔ SMBC کی اگلے مرحلے میں ₹30,000 کروڑ کی مزید سرمایہ کاری کے ساتھ 51 فیصد حصہ حاصل کر کے YES بینک پر مکمل قبضے کی منصوبہ بندی ہے۔ یہ پورا لین دین بھارت کی بینکاری خودمختاری پر سنگین حملہ ہے اور اس کی عدالتی سطح پر مکمل جانچ ہونی چاہیے، نیز YES بینک کو کسی غیر ملکی بینک کے حوالے نہیں کیا جانا چاہیے۔ یہ پُرزور مطالبہ بینکاری شعبے کے ماہر اور کانگریس لیڈر وشواس اُتگی نے کیا ہے۔
گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اُتگی نے کہا کہ YES بینک اس وقت مالی طور پر ایک مضبوط پوزیشن میں ہے۔ بینک میں اس وقت ₹2,85,000 کروڑ کی جمع رقم موجود ہے، جبکہ قرضہ فراہمی ₹2,48,000 کروڑ اور سرمایہ کاری پورٹ فولیو ₹86,000 کروڑ کا ہے۔ ایسی مضبوط حالت میں موجود YES بینک کو ریزرو بینک آف انڈیا اور مرکزی حکومت ایک غیر ملکی بینک کے حوالے کیوں کرنا چاہتی ہیں؟ انہوں نے یاد دلایا کہ YES بینک ایک وقت میں مالی بحران سے دوچار تھا، مگر RBI اور مرکزی حکومت نے Too Big To Failکے تحت اسے بچایا۔ اس وقت اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور آٹھ نجی بینکوں نے عوامی پیسہ لگا کر YES بینک کو ازسرِنو کھڑا کیا۔ SBI کے پاس اس وقت YES بینک میں تقریباً 24 فیصد حصص ہیں اور 2020 سے پرشانت کمار کی قیادت میں YES بینک کا نظم و نسق SBI ہی چلا رہا ہے۔ تو اب آخر کیوں مرکزی حکومت اور RBI اپنا حصہ جاپانی بینک کو فروخت کر رہے ہیں؟ یہ فیصلہ کس کے فائدے کے لیے کیا جا رہا ہے؟
وشواش اُتگی کے مطابق اس معاملے نے کئی اہم پالیسی نوعیت کے سوالات کو جنم دیا ہے۔ بینکنگ نگران ادارہ ہونے کے ناتے RBI کی اس میں کیا ذمہ داری بنتی ہے؟ وزارتِ مالیات اور مرکزی حکومت کی جوابدہی کیا ہے؟ اور SEBI (سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا) خاموش کیوں ہے؟ وشواس اُتگی نے انکشاف کیا کہ ایک انکشاف کنندہ کی طرف سے YES بینک کے 2014 سے 2025 تک کے مالیاتی معاملات پر مشتمل عدالتی طرز کی مالیاتی جانچ رپورٹ عوامی سطح پر آ چکی ہے، جس میں بینک میں بڑے پیمانے پر مالی بدعنوانی، مشتبہ NPA (ناکارہ اثاثے – Non-Performing Assets) کی فروخت، اور منافع کو غلط طریقے سے پیش کرنے جیسے سنگین انکشافات موجود ہیں۔ اس کے باوجود مرکزی حکومت، RBI اور دیگر متعلقہ اداروں نے اس رپورٹ کو نظرانداز کیا ہے۔ وشواس اُتگی نے مطالبہ کیا کہ SEBI، RBI اور وزارتِ مالیات کی جوابدہی طے کی جائے، اور SMBC کی طرف سے YES بینک پر قبضہ کا عمل فوری طور پر روکا جائے۔
انھوں نے خبردار کیا کہ اگر YES بینک جیسا نئی نسل کا نجی بینک یوں کسی غیر ملکی ادارے کے ہاتھ فروخت کیا جا سکتا ہے، تو پھر بھارت میں کوئی بھی بینک محفوظ نہیں رہے گا۔ ایسے لین دین کی نظیر قائم ہو گئی تو مستقبل میں IDBI بینک سمیت دیگر سرکاری بینکوں کو بھی سرپرست سرمایہ کاروں کے ہاتھ فروخت کیے جانے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔
وشواس اُتگی نے زور دے کر کہا کہ بھارت میں عوامی بینکاری نظام ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ ملک کو ایک مضبوط عوامی و نجی بینکاری نظام کی ضرورت ہے۔ اگر YES بینک واقعی ناکام ہو رہا ہو، تو اس کا کنٹرول اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا کسی دیگر سرکاری بینک کے سپرد کیا جائے۔ انھوں نے یاد دلایا کہ 1969 میں بینکوں کے نیشنلائزیشن کے بعد پچھلے 56 برسوں میں کئی نجی بینک سرکاری بینکوں میں ضم کیے جا چکے ہیں۔ وشواس اُتگی نے مطالبہ کیا کہ RBI اور مرکزی حکومت ان حساس سوالوں کا جلد از جلد جواب دیں۔