بلدیاتی انتخابات کی طرح ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے انتخابات میں بھی کانگریس کو اچھی کامیابی ملے گی

: ہرش وردھن سپکال

نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے طیارہ حادثے کی مکمل جانچ کر کے شکوک و شبہات دور کیے جائیں

ممبئی / دھاراشیو: ریاست اور مرکز میں ۱۹۹۹ کے بعد سے اتحاد کی سیاست کا آغاز ہوا اور اتحاد کی سیاست میں بعض اوقات دو قدم پیچھے ہٹنا پڑتا ہے۔ مقامی بلدیاتی اداروں کے انتخابات میں کانگریس پارٹی نے اپنی تنظیم کو وسعت دینے کے لیے بیشتر مقامات پر اپنے بل بوتے پر انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا، جبکہ جہاں ممکن تھا وہاں مقامی سطح پر اتحاد کی اجازت دی گئی۔ بلدیاتی اور میونسپل کارپوریشن انتخابات میں کانگریس کو قابلِ ذکر کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اسی تسلسل میں ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے انتخابات میں بھی پارٹی کو اچھی کامیابی ملے گی، اس اعتماد کا اظہار مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کیا ہے۔

دھاراشیو کے دورے پر ضلع پریشد انتخابات کی مہم کے سلسلے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ ایک طرف بی جے پی اور ایم آئی ایم مذہبی نفرت پھیلانے میں مصروف ہیں، تو دوسری طرف انتخابی عمل میں پیسے، انتظامیہ اور سرکاری مشینری کا بڑے پیمانے پر غلط استعمال کیا گیا۔ ریاست نے یہ بھی دیکھا کہ انتخابی کمیشن حکمراں پارٹی کے ہاتھوں کی کٹھ پتلی بنتا جا رہا ہے اور بلدیاتی اداروں کے انتخابات میں جمہوریت کی کھلی پامالی ہوئی ہے۔ ان حالات میں کانگریس نے ونچت بہوجن اگھاڑی، آر اے ایس پی اور او بی سی بہوجن اگھاڑی جیسے نئے ہم خیال دوستوں کو ساتھ جوڑا، کارکنان کو مواقع دیے اور عوام نے کانگریس پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے اسے ریاست کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی بنا دیا۔ انہوں نے بتایا کہ بلدیاتی اداروں میں کانگریس کے ۴۱ صدرِ بلدیہ، ۱۰۰۶ کونسلر جبکہ میونسپل کارپوریشنوں میں ۳۵۰ سے زائد کونسلر منتخب ہوئے ہیں اور تین میونسپل کارپوریشنوں میں کانگریس کے میئر بھی بن رہے ہیں، جو عوامی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔

نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے طیارہ حادثہ اور انتقال پر کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار جیسے عوامی لیڈر کا اس طرح اچانک انتقال دل کو جھنجھوڑ دینے والا ہے۔ طیارہ حادثے میں ان کے انتقال کے بعد کئی سوالات اور شکوک پیدا ہوئے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ اس واقعے کی مکمل اور شفاف جانچ ہو اور تمام شکوک و شبہات کا ازالہ کیا جائے، تاکہ حقیقت عوام کے سامنے آ سکے۔ اس موقع پر اُمرگا کے رکن اسمبلی پروین سوامی، سابق رکن اسمبلی اور کانگریس کے سینئر ترجمان دھیراج دیشمکھ، دھاراشیو ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر دھیراج پاٹل اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔

MPCC Urdu News 30 January 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading