ممبئی:نئے سال کے آغاز پرہی وزیر اعظم نریندر مودی نے غریبوں کے منھ سے نوالہ چھین لیا ہے فوڈسیکوریٹی ایکٹ کے تحت غریبوں کو ۵کلو اضافی اناج فراہم کرنے والی ’پردھان منتری غریب کلیان انّ یوجنا‘ (PMGKAY) کو مودی حکومت نے بند کردیا ہے۔ گزشتہ دو سالوں سے 81 کروڑ غریبوں کو ماہانہ 10 کلو اناج مل رہا تھا لیکن اب انہیں صرف 5 کلو ملے گا۔یہ مودی حکومت کا غریبوں کو نئے سال کا ’انوکھا تحفہ‘ ہے جس کے ذریعے مودی حکومت نے ان کی غربت کا مذاق اڑایا ہے۔یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے چیف ترجمان اتل لونڈھے نے کہی ہیں۔
مودی حکومت کے اس فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اتل لونڈھے نے کہا کہ ملک کے 81 کروڑ غریب عوام کے لیے اتنا اہم فیصلہ لیتے ہوئے وزیر اعظم نے ریاستی حکومتوں اور پارلیمنٹ میں کوئی بحث نہیں کی۔ مودی حکومت غریبوں کو فائدہ پہنچانے کے اپنے اس فیلے کو ’تاریخی فیصلہ‘ قرار دیتے ہوئے ’مفت 5 کلو اناج‘ کی خوب تشہیر کر رہی تھی۔ اب غریبوں کو اوپن مارکیٹ سے گندم خریدتے وقت اضافی رقم ادا کرنی پڑے گی۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی میں غریب عوام اس گندم کی قیمت کے بھی متحمل نہیں ہونگے لیکن مودی حکومت کو غریبوں کی کوئی فکر نہیں ہے۔ اسے صرف ’مفت اناج‘ دینے کے اشتہار پر کروڑوں روپے خرچ کرکے غریبوں کا ہمدرد بتانا تھا۔
لونڈھے نے کہا کہ کووڈ کے دوران شدید معاشی بحران کی وجہ سے مودی حکومت غریبوں کو اضافی راشن فراہم کرنے پر مجبور ہوئی تھی، لیکن آج بھی صورت حال نہیں بدلی ہے۔ یو پی اے کے دور حکومت میں ضروری اشیاء کی قیمتیں آج آسمان کو چھو رہی ہیں۔کرانہ کا سامان خریدنا بھی اب عام لوگوں کی استطاعت سے باہر ہوگیا ہے۔ آمدنی بھی مہنگائی کے ساتھ ساتھ نہیں بڑھی جس کی وجہ سے عام آدمی کا جینا مزید مشکل ہو گیا ہے۔ محترمہ سونیا گاندھی کی رہنمائی میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت نے ستمبر 2013 میں فوڈ سیکوریٹی ایکٹ نافذ کیا تھا تاکہ ملک میں کوئی بھی غریب
بھوکا نہ رہے۔بگڑی ہوئی معیشت اور اپنی بدانتظامی کی وجہ سے پیدا ہونے والے وسیع بحران کے تناظر میں مودی حکومت کو اس ایکٹ کے تحت لوگوں کو مزید سہولت دینی چاہئے تھی۔ فوڈ سیکورٹی ایکٹ کے تحت راشن عوام کے لیے تحفہ نہیں بلکہ عوام کا حق ہے۔ جب نریندر مودی گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے تو انہوں نے یو پی اے حکومت کی عوامی فلاحی اسکیموں جیسے فوڈ سیکورٹی ایکٹ، منریگا کی
مخالفت کی۔ وزیر اعظم بننے کے بعد بھی مودی نے پارلیمنٹ میں منریگا اسکیم پر تنقید کی تھی لیکن انہی اسکیموں نے بحران کے وقت ملک کے لوگوں کو سہارا دیا تھا، مودی حکومت کو انہی اسکیموں پر بھروسہ کرنا پڑا اور انہی اسکیموں کو لاگو کرنا پڑا۔لیکن آج جب ملک کے غریب عوام کو اس کی اشد ضرورت تھی، مودی حکومت نے ان کے منھ سے نوالہ چھین لیا۔ اس طرح مودی حکومت نے نئے سال کے آغاز میں ہی ملک کی غریب عوام کو انوکھاتحفہ دیدیا ہے۔