قانون سازکونسل کے انتخاب میں عوام نے رعایا وبادشاہ کے فرق کوواضح کردیا: ناناپٹولے
- قانون ساز کونسل کی جیت اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں دہرائی جائے گی
-
دوسروں کے گھر تباہ کرنے والی بی جے پی کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا
-
کانگریس ہیڈکوارٹر تلک بھون کے سامنے پٹاخوں اور مٹھائیوں کے ساتھ فتح کا جشن
ممبئی:مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے انتخابات میں عوام نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو عبرتناک شکست دی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے مہاوکاس اگھاڑی پر بھی اعتماد ظاہر کیا ہے۔ ناگپور اور امراؤتی میں کانگریس امیدواروں نے بی جے پی امیدواروں کو کھلی شکست دی ہے۔ وہیں اورنگ آباد میں ایم وی اے امیدوار نے شاندار جیت درج کی ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے بھی ان انتخابات میں مثبت نتائج دیکھنے کو ملے ہیں۔ اس الیکشن کے ذریعے عوام نے رعایا اور بادشاہ کے فرق کو واضح کردیا ہے۔ قانون سازکونسل انتخاب کے نتائج پر یہ ردعمل مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے ظاہر کیا ہے۔
جمعہ کو ریاستی صدر نانا پٹولے کی موجودگی میں پارٹی کارکنوں نے کانگریس ہیڈکوارٹر تلک بھون کے سامنے قانون ساز کونسل کے انتخابات میں جیت کا جشن ڈھول تاشوں کے درمیان پٹاخے پھوڑ کر منایا۔ اس موقع پر کارکنوں میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر نانا پٹولے نے نامہ نگاروں سے کہا کہ پانچ سیٹوں کے الیکشن میں عوام نے بی جے پی کو اس کی حیثیت بتادی ہے۔انہوں نے کہا کہ ناگپور مرکزی وزیرنتن گڈکری ونائب وزیراعلیٰ دیوندرفڈنویس نیز آر ایس ایس کا گڑھ ہے لیکن اسی گڑھ میں بی جے پی پچھلے سال کانگریس کے خلاف گریجویٹ الیکشن ہارگئی تھی۔ اس کے علاوہ کانگریس نے ضلع پریشد انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کی۔ اب کانگریس نے ٹیچر حلقہ انتخاب میں بھی بی جے پی کو شکست دی ہے۔ پٹولے نے کہا کہ ودربھ کے لوگوں نے ہمیشہ کانگریس کا ساتھ دیا ہے۔ ودربھ اور شمالی مہاراشٹر میں قانون ساز کونسل کے انتخابات میں کامیابی کے بعد کانگریس پارٹی اب اس کامیابی کو آئندہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں دہرائے گی۔ بی جے پی نے اقتدار کا غلط استعمال کرنے کے علاوہ یہ الیکشن جیتنے کے لیے تمام حربے اختیار کیے لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئی۔
نانا پٹولے نے کہا کہ بی جے پی نے ناسک میں کانگریس کے گھر کو تباہ کرنے کا گناہ کیا ہے۔ دوسروں کے گھر توڑنے میں ملوث بی جے پی کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ اب سب دیکھیں گے کہ بی جے پی کا گھر کیسے ٹوٹتا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ ہم دوسروں کے گھر نہیں گراتے بلکہ اپنے لیڈر کو عوام کے ذریعے منتخب کرواتے ہیں۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ سدھیر تامبے نے ناسک میں کانگریس کو دھوکہ دیا۔ اگر وہ ستیہ جیت تامبے کو میدان میں اتارنے کی بات کرتے تو ہم انہیں ٹکٹ دیتے۔ لیکن اے بی فارم لینے کے بعد بھی کاغذات نامزدگی داخل نہ کرنے کی وجہ سے تانبے کے موقف پرپارٹی کو سخت اعتراض ہے۔ نانا پٹولے نے یہ بھی کہا کہ ناسک کے بارے میں حتمی فیصلہ کانگریس ہائی کمان کرے گی۔