مرکز کی بی جے پی حکومت کے ذریعے مسلط کیے گئے کسانوں کے لیے بنائے گئے ناجائزقوانین کو منسوخ کرنے کے مطالبے کے لیے کانگریس پارٹی نے اپنا احتجاج مزید تیز کردیا ہے۔ اس احتجاج کے اگلے مرحلے کے طور پر 31اکتوبرکو ریاست گیر ستیہ گرہ کیا جائے گا اور آنجہانی وزیراعظم اندرا گاندھی کی یومِ شہادت ومردِ آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یومِ پیدائش کے موقع پر ریاست بھر میں ’کسان ادھیکار دیو‘ (یومِ حقوق کسان) منایا جائے گا۔ یہ اطلاع آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ووزیرمحصول بالاصاحب تھورات نے دی ہے۔
اس تعلق سے تفصیل دیتے ہوئے تھورات نے بتایا کہ وردھا میں سیواگرام میں ستیہ گرہ کا مرکزی پروگرام منعقد ہوگا جس میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کے انچارج ایس کے پاٹل، وزیر تعمیرعامہ اشوک چوہان، امداد وبازآبادکاری کے وزیر وجیئے ویڈیٹی وار، وزیرتوانائی ڈاکٹر نتن راؤت، میڈیکل ایجوکیشن اینڈ کلچرل امور کے وزیر امیت دیشمکھ، مویشی پالن اور ڈیری ڈیولپمنٹ کے وزیر سنیل کیدار، خواتین وبچوں کی بہبود کی وزیر یشومتی ٹھاکور موجود رہیں گی۔ اس کے علاوہ ریاست بھر کے تمام ضلعی دفاتر پرصبح 10بجے سے سہ پہر4 بجے کے درمیان کانگریس کے لیڈران، عہدیداران وکارکنان بڑی تعداد میں ستیہ گرہ کرتے ہوئے اس ظالمانہ قوانین کے خلاف احتجاج کریں گے۔
تھورات نے کہا کہ مودی سرکار نے یہ قوانین اپوزیشن سے مشورہ کیے بغیر اپنی سفاک اکثریت کے زور پر پاس کیے ہیں۔ ان قوانین کو مٹھی بھر تاجروں کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے نافذ کیا گیا ہے، جس سے کسان تباہی کے دہانے پر پہونچ جائیں گے۔ مودی سرکار کا منصوبہ ان قوانین کے ذریعے کسانوں کو صنعتکاروں کا غلام بنانا ہے۔ کانگریس اس اقدام کو ناکام بنانے اور کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے سڑکوں پر نکلی ہے اور ان کالے قوانین کی منسوخی تک اپنا جدوجہد جاری رکھے گی۔
15 اکتوبر کو کانگریس نے مرکزی حکومت کے ان سیاہ قوانین کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر ورچوئل ریلی کا انعقاد کیا تھا۔ اس کے علاوہ 2 کروڑ دستخطوں کی مہم بھی چل رہی ہے جسے پوری ریاست سے عوام کا زبردست تعاون مل رہا ہے۔ یہ دستخط صدر رام ناتھ کووند کو پیش کیا جائے گا۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ احتجاج کے اگلے مرحلے میں ’ٹریکٹر ریلی‘ نکال کر احتجاج کومزید تیز کیا جائے گا۔