مہاراشٹر میں چوروں کی سرکار ہے

26

آئین میں دیئے گئے حقوق کوبرقرار رکھنے کے لیے بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کیجئے

کانگریس کے 138/ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ممبئی میں پروگرام کا انعقاد

ممبئی: مہاراشٹر میں مہا وکاس اگھاڑی کی حکومت تھی لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی نے سازش کے تحت اسے کرادیا۔ مہاراشٹر میں بی جے پی کی حکومت لانے کے لیے مرکزی حکومت نے بھی زور لگاتے ہوئے کئی ممبرانِ اسمبلی کے پیچھے مسلسل ای ڈی، سی بی آئی و انکم ٹیکس وغیرہ کو لگایا۔ انہیں جھوٹی شکایات کی بنیاد پر پھنسایا گیا اور بلیک میل کرتے ہوئے بی جے پی نے مہاراشٹر کی حکومت پر قبضہ کرلیا۔ اس لیے مہاراشٹر میں حکومت چوروں کی حکومت ہے۔ یہ سخت تنقیدکانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے کی ہے۔ وہ یہاں کانگریس کی138/ویں یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔

اس پروگرام میں ملکارجن کھرگے کے علاوہ کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، مہاراشٹر کانگریس کے انچارج ایچ کے پاٹل، ریاستی صدر ناناپٹولے، سابق وزیراعلیٰ اشوک چوہان، پرتھوی راج چوہان، ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ، سابق ریاستی صدر مانک راؤ ٹھاکرے، اقلیتی سیل کے قومی صدر عمران پرتاپ گڑھی، ناصر حسین، سابق وزیر ورشا گائیکواڑ، اسلم شیخ، کنہیا کمار، چرنجیت سنگھ سپرا، ممبئی یوتھ کانگریس کے صدر ذیشان صدیقی، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری اور معاون انچارج سمپت کمار، ریاستی ورکنگ صدر چندرکانت ہنڈورے،سابق راجیہ سبھا ممبربھال چندر منگیکر کے ساتھ کانگریس کے دیگر عہدیداران وکارکنان موجود تھے۔

اپنے خطاب کے دوران بی جے پر تنقید کرتے ہوئے ملکارجن کھرگے نے مزید کہا کہ مہاراشٹر میں مہا وکاس اگھاڑی کے ایم ایل اے کو خرید کر حکومت بنائی گئی تھی۔ آج بی جے پی کے پاس وہی لوگ ہیں جن پر خود بی جے پی کرپشن کے الزامات لگایا کرتی تھی۔ لیکن بی جے پی کے پاس ایک واشنگ مشین ہے جس میں وہ ان بدعنوان لوگوں کو ڈال کر صاف کرتی ہے۔بی جے پی لوگوں کو ڈرا کر اقتدار حاصل کیا ہے۔ لیکن آپ ڈریں نہیں۔مرکز میں بھی جھوٹ بولنے والوں کی حکومت ہے، کل یہاں آکربھی مودی شاہ وہی کہیں گے کہ یہاں ڈبل انجن والی حکومت ہے۔آپ ڈبل انجن کی حکومت چلائیں اور اگر چاہیں تو اس میں چار بوگیاں اورجوڑلیں لیکن یہ بتائیں کہ مہاراشٹر کی عوام کی فلاح وبہبود کے لیے آپ نے کیا کام کیا؟سچائی یہ ہے بی جے پی صرف جھوٹ بولتی ہے اور یہ سب جملے بازی ہے۔کھڑگے نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ وہ ملک کے 80 کروڑ لوگوں کو مفت اناج دیتے ہیں، لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ وہ یہ کہاں سے دیتے ہیں؟ یہ کام کانگریس نے کیا ہے۔ کانگریس نے ہی فوڈ سیکورٹی ایکٹ دیا، راشن کی دکانوں کا نظام کانگریس حکومت نے قائم کیا تھا۔ پہلے ملک میں اناج کی کمی تھی، لیکن کانگریس حکومت نے سبز انقلاب لایاتو ملک میں اناج کے گودام بھر گئے۔ آج وہ مفت اناج دے رہے ہیں لیکن ایک دن مودی جی یہ مفت اناج بھی بند کردیں گے۔

کھرگے نے کہا کہ دلتوں، خواتین، پسماندہ طبقات و اقلیتوں کو میں تاریخی شہر ممبئی سے پیغام دیتا ہوں کہ جمہوریت اور آئین کو بچانا ہمارا فرض ہے۔ آر ایس ایس، بی جے پی جمہوریت کو ختم کرنے اور آمریت لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بی جے پی خواہ کتنا ہی ڈرانے کا کام کرے ڈرو مت، مضبوطی کے ساتھ کام کیجئے، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کے دیئے گئے آئین میں جوحقوق دیئے گئے ہیں،اگر انہیں برقرار رکھنا ہے تو بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہوگا۔

اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی بنیاد اسی شہر ممبئی میں ہوئی اور یہیں سے آزادی کی مشعل پورے ملک میں پھیلی۔ آزادی کے وقت ہندوستان کے پاس کچھ نہیں تھا لیکن پنڈت جواہر لال نہرو کی قیادت کی وجہ سے ملک نے ترقی کی۔ لیکن آج مرکز میں حکمران ملک بیچ کر ہی ملک چلا رہے ہیں۔ ممبرپارلیمنٹ راہل گاندھی نے کنیا کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑو پدایاترا شروع کرتے ہی دہلی کی مرکزی حکومت کے پیروں کے نیچے سے زمین کھسکنے لگ گئی۔ یہی وجہ ہے کہ بی جے پی راہل گاندھی اور پدایاترا کو بدنام کر رہی ہے۔ اب ہمیں بی جے پی کے خلاف اسی طرح لڑنا ہے جس طرح ہمارے آباؤ اجداد نے انگریزوں کے خلاف لڑے تھے۔ کانگریس پارٹی نے ممبئی میونسپل کارپوریشن پر کئی سالوں تک حکومت کی۔ گزشتہ کچھ سالوں سے یہ ہمارے پاس نہیں ہے لیکن ایک بار پھر ہم ممبئی میونسپل کارپوریشن پر کانگریس کا جھنڈا لہرانے کی کوشش کریں گے۔اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، اشوک چوہان، بھائی جگتاپ، عمران پرتاپ گڑھی اورکنہیاکمار نے بھی عوام سے خطاب کیا۔اسی درمیان دادر میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کے تلک بھون دفتر میں ریاستی صدر نانا پٹولے کی موجودگی میں کانگریس کا یوم تاسیس جوش و خروش سے منایا گیا۔