MPCC Urdu News 27 Dec 23

ناگپور کی سرزمین سے تبدیلی کا پیغام دینے کے لیے آج کانگریس کی عظیم الشان ریلی: نانا پٹولے

جس طرح ظالم انگریزوں کو بھارت چھوڑنے پرمجبورکیا اسی طرح بی جے پی کوبھی اقتدارسے بے دخل کریں گے

جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے کانگریس کی یلغار

ملک بھر کے کانگریسی لیڈران ناگپور میں۔ مہنگائی، بیروزگاری اور عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے’کانگریس ہے تیار‘!

ناگپور/ممبئی:جب بھی ملک کسی بحران سے دوچار ہواکانگریس نے ناگپور کی سرزمین سے ہی اس کے خلاف یلغار کا اعلان کیا۔ آج ملک کا جمہوری نظام، آئین اور جمہوریت کے چاروں ستون خطرے میں ہیں۔ اس کی حفاظت کانگریس پارٹی کافریضہ ہے۔ناگپور کی سرزمین سے کانگریس پارٹی کی یومِ تاسیس کے موقع پربی جے پی کی ظالم، جابر ومتکبر حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لیے تبدیلی کا پیغام دیا جائے گا۔ یہ اطلاع آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے دی ہے۔

کانگریس پارٹی کی 138ویں یومِ تاسیس کی تقریب کاانعقادآج ناگپور کے ’بھارت جوڑو‘ میدان میں ہورہا ہے۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی نے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا ہے جس میں ملک بھر سے کانگریس کے اہم رہنماشریک ہورہے ہیں۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی ناگپور کی سرزمین سے تبدیلی کا پیغام دیں گی۔ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی آزادی کے لیے کانگریس کے پرچم تلے متحد ہو کر ہزاروں مجاہدین آزادی نے اپنی قربانیوں سے ظالم و جابر انگریزحکمرانوں کوبھارت چھوڑنے پر مجبور کیا۔ تحریک آزادی میں مہاراشٹرا کا زبردست تعاون رہا ہے، آج پھر مہاراشٹر کی سرزمین سے ملک کوبچانے کے لیے للکار اٹھ رہی ہے۔ کانگریس کے 60 سالہ اقتدار میں پنڈت جواہرلال نہرو سے لے کر ڈاکٹرمنموہن سنگھ تک نے بھارت کو ایک سوپرپاور کے طور پر کھڑا کیا لیکن بدقسمتی سے گزشتہ 10 سالوں میں بی جے پی کی حکومت نے ملک کو تباہی کے غار میں پہنچا دیا۔ ذات ومذہب کے نام پر لوگوں میں تنازعہ پیداکرتے ہوئے ملک کو زوال کی طرف لے جایا جارہا ہے۔ آج صورت حال یہ ہے کہ ملک کوبیچ کر ملک چلایا جا رہا ہے۔ ای ڈی، سی بی آئی، انکم ٹیکس کے ذریعے اپوزیشن کی آواز کو دبایا اور انہیں ڈرایا جا رہا ہے۔ پارلیمنٹ کی سیکورٹی پر سوال اٹھانے پر 150 ممبران پارلیمنٹ کو معطل کر دیا گیا لیکن کانگریس ایسی کارروائیوں سے بھلاکب ڈری ہے جو اب ڈرے گی۔ جس طرح دنیا کے طاقتور ترین انگریزوں کو ملک چھوڑنے پر مجبور کیا گیا، اسی طرح ہم اس آمرابی جے پی کو اقتدار چھوڑنے پر مجبورکریں گے۔ نانا پٹولے نے یقین ظاہر کیا ہے کہ راہل گاندھی نے ’دڑو مت‘کاجو نعرہ دیا ہے، اسی پرعمل کرتے ہوئے ہم بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کریں گے۔

ناناپٹولے نے کہا کہ آج مہنگائی، بیروزگاری،کسانوں، مزدوروں اور نوجوانوں کے مسائل سنگین ہو چکے ہیں۔ حکومتی نظام یرغمال ہوچکا ہے۔ حکومت کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو سزا دی جا رہی ہے۔ ملک مشکل حالات سے گزررہا ہے، اسے بچانے کے لیے کانگریس کی یہ لڑائی ہے اور ملک کوبچانا ہی کانگریس کی گارنٹی ہے۔ نانا پٹولے نے کہا کہ ناگپور کی اس مہاریلی کے لیے کانگریس کارکنوں میں زبردست جوش و خروش ہے اور یہ مہاریلی ملک میں تبدیلی کی للکار ہوگی۔