او بی سی ریزرویشن کے مسئلہ پر بی جے پی کااحتجاج محض ایک ڈرامہ
ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے کابی جے پی پر شدید حملہ
ریاستی بی جے پی لیڈران او بی سی ریزرویشن کے لیے وزیر اعظم کے دفتر کے سامنے احتجاج کریں
مرکزی حکومت ذات کی بنیاد پر مردم شماری کیوں نہیں کراتی؟
ممبئی:او بی سی کے سیاسی ریزرویشن کے لیے منترالیہ کے سامنےبی جے پی کا احتجاج ایک ڈرامے کے سوا کچھ نہیں ہے۔بی جے پی پر یہ شدید حملہ ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیویندر فڈنویس کی قیادت والی بی جے پی حکومت کے دوران جب او بی سی کا سیاسی ریزرویشن ختم ہونے کا خدمہ پیدا ہوا تھا تو مرکز کی بی جے پی حکومت نے اس کی حمایت کی تھی۔ یہ ایک کھلا سچ ہے۔ اس لیے بی جے پی کو او بی سی ریزرویشن پر بولنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ پٹولے نے کہا کہ ملک میں ریزرویشن ختم کرنا بی جے پی اور اس کی مادر تنظیم آر ایس ایس کا ایجنڈا ہے اور منترالیہ پر بی جے پی کا مورچہ ایک ڈرامے اور دھوکے سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔اگر بی جے پی کے لیڈران چاہتے ہیں کہ اوبی سی طبقے کو ریزرویشن ملے تو انہیں وزیر اعظم کے دفتر کے سامنےاحتجاج کرنا چاہئے۔
اس ضمن میں بات کرتے ہوئے ناناپٹولے نے مزید کہا کہ احتجاج کے دوران بی جے پی لیڈران کے ذریعے دیئے گئے بیانات نہایت مضحکہ خیز اور بچکانہ تھے۔اقتدار کی ہوس میں مبتلا میں ریاستی بی جے پی کے صدر چندرکانت پاٹل نے لوگوں کو شمشان بھومی بھیجنے جیسے اہنکاری زبان کا استعمال کیا۔ ایسی زبان کا استعمال صرف بی جے پی کے لوگ ہی کرسکتے ہیں۔ پٹولے نے یہ بھی کہا کہ جب ۲۰۱۷میں جب اوبی سی ریزرویشن ختم ہونے لگا تھاتو فڈنویس حکومت نے ایک سادہ سرکلر جاری کر کے ناگپور ضلع پریشد انتخابات کو ملتوی کر دیاتھا۔ جب معاملہ طول پکڑا تو عدالت میں جاتے ہوئے فڈنویس حکومت نے او بی سی ریزرویشن بچانے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی۔ فڈنویس حکومت پانچ سال تک سوتی رہی اور اب او بی سی ریزرویشن کے لئے تحریک چلا رہی ہے۔
نانا پٹولے نے کہا کہ او بی سی کے سیاسی ریزرویشن کے بغیر انتخابات نہ کروانا کانگریس پارٹی کا موقف ہے اور مہاوکاس اگھاڑی حکومت بھی اس کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب میں قانون ساز اسمبلی کا اسپیکر تھا تو میں نے ذاتی طور پر قرارداد پاس کی تھی کہ ذات کی بنیاد پر مردم شماری کی جائے۔ اگر ذات کی بنیادپر مردم شماری ہوتی ہے تو اس طرح کے تنازعات پیدا نہیں ہوں گے، لیکن مرکز کی بی جے پی حکومت اس پر کوئی فیصلہ نہیں لے رہی ہے۔ آج او بی سی ریزرویشن کا جو مسئلہ پیدا ہوا ہے اس کے لئے صرف اور صرف بی جے پی ذمہ دار ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی وہی پارٹی ہے جس نے اپنی پہلی کابینہ میٹنگ میں دھنگر برادری کو ریزرویشن دینے کا وعدہ کیاتھا اور پھر انہیں پانچ سال تک لٹکائے رکھا۔ بی جے پی کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کا کردار او بی سی کے لیے سیاسی ریزرویشن دوبارہ حاصل کرنا ہے۔ نانا پٹولے نے کہا کہ بی جے پی او بی سی کے سیاسی ریزرویشن کی اصل قاتل ہے اور اب وہ احتجاج کرکے مگرمچھ کے آنسو بہا رہی ہے لیکن ریاست کے عوام پوری حقیقت کو سمجھ رہے ہیں۔