سیلاب متاثرین کے لیے 10ہزار کروڑ روپئے کا امدادی پیکیج کا استقبال: مہاوکاس اگھاڑی حکومت کسانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے : کانگریس

ممبئی: ریاست میں بے موسم بارش اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی تلافی کے لیے آج مہاوکاس اگھاڑی حکومت کی جانب سے 10ہزار کروڑ روپئے کی امداد کے اعلان کا مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی نے خیرمقدم کیا ہے۔ ریاستی کانگریس کے صدر بالاصاحب تھورات نے کہا ہے کہ آسمانی آفت کے وقت کسانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہتے ہوئے ان کی بھرپور مدد کرنا وقت کا اہم تقاضا تھا۔وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے نے اس مصیبت کے گھڑی میں کسانوں کو سہارا دینے کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے ان کے لیے 10ہزار کروڑ روپئے کی امداد کا اعلان کیا ہے، جس کا کانگریس پارٹی خیرمقدم کرتی ہے۔

بالاصاحب تھورات نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت نے فصلوں وباغات کو ہونے والے نقصانات کی بنیاد پرفی ہیکٹر 10ہزار روپئے مدد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ فصلوں کے نقصان کے لیے فی ہیکٹر 25ہزار روپئے، راستے اور پلوں کے لیے 2ہزار635کروڑ روپئے، دیہی سڑکوں وپانی کی سپلائی کے لیے 1ہزار کروڑ روپئے، شہری ترقی کے لیے 300کروڑ روپئے، محکمہ بجلی کے نقصانات کے لیے 239کروڑ روپئے، آبی وسائل کے لیے 102کروڑ روپئے، زراعت ومکانات کے لیے 5ہزار500کروڑ روپئے مختص کیا گیا ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر 9ہزار776کروڑ روپئے کا یہ امداد پیکیج ہے۔ یہ پیکیج کسانوں کو دوبارہ کھڑا کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔

سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے مرکز کی جانب سے ابھی تک کوئی ٹیم نہیں پہونچی ہے۔ کورونا کی وجہ سے ریاست کے سامنے ایک بڑا معاشی مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے 38ہزار کروڑ روپئے ملنا باقی ہے۔ اس صورت حال میں کسانوں کو بے سہارا نہ چھوڑتے ہوئے ریاستی حکومت نے اس پیکیج کا اعلان کیا ہے جو دیوالی تک متاثرین تک پہونچ جائے گی۔ ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت نہایت مضبوطی کے ساتھ کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔