MPCC Urdu News 22 January 23

راہل گاندھی کو مندر جانے سے روکنا بی جے پی کے گھمنڈ اور تکبر کا ثبوت ہے: ناناپٹولے

بی جے پی کے سر اقتدار کا نشہ اس وقت تک نہیں جائے گا جب تک لوگ اسے اقتدار سے بے دخل نہیں کردیتے

بھارت جوڑو نیا ئےیاترا کو زبردست عوامی حمایت سے بی جے پی خوفزدہ ہوگئی ہے

ممبئی:کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیا یاترا کو شمال مشرقی ہندوستان میں زبردست عوامی حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ بی جے پی یاترا کو مل رہی زبردست عوامی حمایت دیکھ کر خوفزدہ ہے اور اسی لیے بھارت جوڑو نیا یاترا پر بزدلانہ حملے کیے جا رہے ہیں۔ پیر کو جب راہل گاندھی آسام کے ایک مٹھ میں جانے والے تھے تو انہیں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ کیا اب لوگوں کو مندر جانے کے لیے بی جے پی سے اجازت لینی پڑے گی؟یہ سوال مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کیا ہے۔

گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نانا پٹولے نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو مندر جانے سے روکنے کی یہ کارروائی بی جے پی کے اقتدارکےگھمنڈ اور تکبر کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف ایودھیا میں پران پرتشٹھا کی جا رہی ہے تو دوسری طرف لوگوں کو مندروں میں جانے سے روکاجارہا ہے۔ انہوں نے راہل گاندھی کو مندر میں داخل ہونے سے روکنے پر بی جے پی کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان رام نے کبھی کسی سے نفرت نہیں کی، تشدد کا راستہ نہیں اپنایا۔ لوگوں کو مندروں میں جانے سے روکنا بھگوان رام کی تعلیم کے خلاف ہے۔ ناناپٹولے نے کہا کہ بی جے پی صرف رام کے نام پر سیاست کر رہی ہے ۔ جن لوگوں نے آج راہل گاندھی کو آسام میں مندر میں داخل ہونے سے روکا ہے ، انہیں لوگوں نے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو ناسک کے کالارام مندر میں داخل ہونے سے بھی روک دیا تھا۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو مندر میں داخلے کے لیے ایک بڑی تحریک چلانی پڑی تھی۔ بدقسمتی سے وہی مزاج اور رجحان رکھنے والے لوگ آج اقتدار میں ہیں۔

نانا پٹولے نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا پر بزدلانہ حملوں کے بعد مہاراشٹر سے بڑی تعداد میں پارٹی کے لیڈر اور کارکن آسام جانے کے لیے تیار تھے لیکن سینئر لیڈروں نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس ایک ایسی پارٹی ہے جو عدم تشدد اور سچائی کے راستے پر چلتی ہے اور ہم ان نظریات کے ساتھ ہی اپنا سفر جاری رکھیں گے۔ یاترا میں مسلسل رکاوٹیں پیدا کرنا اور حملے کرنا بی جے پی کے خوف کو ظاہر کرتا ہے۔ پٹولے نے یہ بھی کہا کہ عوام آنے والے دنوں میں بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کردیںگے۔ اس پریس کانفرنس میں ریاستی کانگریس کے ورکنگ صدر اور سابق وزیر نسیم خان، نائب صدر سنجے راٹھور، ترجمان ڈاکٹر راجو واگھمارے موجود تھے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading