سیٹ شیئرنگ پر بات چیت آخری مرحلے میں ، ایم وی اے کا اتحاد بہت مضبوط ہے
ملک میں سماجی، سیاسی ومعاشی انصاف کے لیے ہی راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیا ئے یاترا ہے
گڈچرولی:ملک کو انتہاپسند مذہبی قوتوں کی جانب سے ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے اور آنے والے انتخابات میں ان قوتوں کا سختی سے مقابلہ کیا جائے گا۔ یہ منووادی طاقتیں ذات اور مذاہب کی بنیاد پر لوگوں کے درمیان تصادم پیدا کر رہی ہیں۔ کانگریس لیڈر ایم پی راہل گاندھی نے ملک کو جوڑنے کے لیے کنیا کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑو یاترا کی تھی اور اب وہ منی پور سے ممبئی تک بھارت جوڑو نیا ئےیا ترا پر ہیں۔ ملک کی جمہوریت کو بچانے کے لیے آنے والے انتخابات میں ہم سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ مہاراشٹر میں کانگریس اور ایم وی اے کے لیے ماحول نہایت سازگارہے اور ہم لوک سبھا انتخابات میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں جیتیں گے۔اس یقین کا اظہار مہاراشٹر کانگریس انچارج رمیش چنیتھلا نے کیا ہے ، وہ یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات کررہے تھے ۔
پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کی طرف سے شعبہ جاتی جائزہ میٹنگیں جاری ہیں۔ گڈچرولی میں کل(19 جنوری 24) مشرقی ودربھ کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اس موقع رمیش چنیتھلانے کہا کہ آئندہ انتخابات ملک کے لیے بہت اہم ہیں۔ ملک کو توڑنے کی کوشش کرنے والی قوتوں کے خلاف مل کر لڑنے کی ضرورت ہے۔ بی جے پی حکومت اپوزیشن پارٹیوں کی آواز کو دبانے کے لیے ای ڈی، سی بی آئی کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ ملک میں امن، ہم آہنگی اوربھائی چارے کو برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج ہو گیا ہے۔ بی جے پی رام کے نام پر الیکشن لڑنے کی کوشش کر رہی ہے، وہیں دوسری طرف ریزرویشن کو لے کر مختلف طبقات کے درمیان زبردست تنازعہ پیدا کیا جارہا ہے ۔ مہنگائی، بے روزگاری، کسانوں کے مسائل سماجی ہم آہنگی جیسے کئی سنگین مسائل ہیں۔ کانگریس پارٹی انتخابات میں ان مسائل پر زور دے گی۔ ریاستی انچارج نے کہا کہ سیٹ الاٹمنٹ کے سلسلے میں دہلی میں میٹنگ ہوئی ہے اور جلد ہی ایک اور میٹنگ ہوگی۔ اس کے بعد سیٹ الاٹمنٹ کا فیصلہ کیا جائے گا۔
لوناولا میں کانگریس کا اہم کیمپ
لوک سبھا انتخابات کے پس منظر میں 17 اور 18 فروری کو لونا والا میں کانگریس پارٹی کا ایک اہم کیمپ منعقد کیا گیا ہے۔ اس کا افتتاح رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی آن لائن طریقے سے کریں گے اور اختتامی تقریر قومی صدر ملکارجن کھرگے کریں گے۔ اس کیمپ میں ریاست کے 300 سرکردہ لیڈران اور عہدیداران شرکت کریں گے۔
ریاست میں کانگریس اور ایم وی اے کے لیے ماحول سازگار ہے
کانگریس کے ریاستی انچارج نے کہا کہ بی جے پی نے کرناٹک میں تخریب کاری کے ذریعے حکومت بنائی، لیکن عوام نے انتخابات میں بی جے پی کو شکست دی اور دوبارہ کانگریس پارٹی اکثریت سے کامیاب کیا۔ مہاراشٹر میں بھی ای ڈی، سی بی آئی کا غلط استعمال ہوا ہے اور پارٹیوں کو توڑ کر حکومت بنائی گئی ہے۔ آنے والے انتخابات میں کرناٹک کی طرح مہاراشٹر میں بھی عوام بی جے پی کو اس کی حیثیت دکھائیں گے۔ چنیتھلا نے کہا کہ مہاراشٹر میں کانگریس اور مہاوکاس اگھاڑی کے لیے ماحول سازگارہے اور ہم یہاں زیادہ سے زیادہ سیٹیں جیتیں گے۔
اس میٹنگ میں ریاستی صدر نانا پٹولے، قانون ساز پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات، سابق وزیر اعلیٰ اور سی ڈبلیو سی ممبر اشوک چوہان، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، اپوزیشن لیڈر وجے ودیٹی وار، گوا کے انچارج مانیک راؤ ٹھاکرے، کانگریس قبائلی شعبے کے قومی صدر شیواجی راؤ موگھے،سابق مرکزی وزیر ولاس متموار، سابق وزیرڈاکٹر نتن راؤت، سنیل کیدار، رنجیت کامبلے، انیس احمد، ستیش چترویدی، آل انڈیا کانگریس سکریٹری آشیش دووا، رام کشن اوجھا، ایم ایل اے سبھاش دھوتے، ایم ایل اے پرتیبھتائی دھانورکر، ایم ایل اے ابھیجیت ونجاری، ریاستی نائب صدر آرگنائزیشن وانتظامیہ نانا گاونڈے ، اقلیتی محکمہ کے چیرمین وجاہت مرزا، چیف ترجمان اتل لونڈھے، قبائلی کانگریس کے ریاستی صدر اور سابق ایم ایل اے ڈاکٹر نام دیو اسنڈی، ریاستی کانگریس کے سکریٹری راجہ تڑکے سمیت مشرقی ودربھ کانگریس پارٹی کے ضلعی صدور، عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔