انتقامی کارروائی کے تحت نیشنل ہیرالڈ کے دفتر پر چھاپہ

ای ڈی کو صرف اپوزیشن جماعتوں کے خلاف کارروائی کا کام سونپا گیا ہے، کانگریس ایسی کارروائی سے نہیں ڈرتی

گاندھی خاندان کو بدنام کرنے کے لیے بی جے پی حکومت کا اقدام

ممبئی:مرکز کی بی جے پی حکومت اپوزیشن کو ختم کرنے پر پوری طرح تندہی لگ چکی ہے اور ای ڈی کی کارروائیاں اسی کا حصہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو پریشان کرنے کے بعد بھی بی جے پی حکومت مطمئن نہیں ہوئی اور اب اس نے ملک بھر میں نیشنل ہیرالڈ اخبار کے دفاتر پر چھاپے مارنے شروع کردئیے ہیں۔ ای ڈی کی یہ کارروائی سیاسی انتقام کے تحت کی گئی ہے۔ مرکز کی مودی حکومت پر یہ تنقید مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کیا ہے۔

میڈیا کے جاری اپنے بیان میں نانا پٹولے نے کہاہے کہ ایسا لگتا ہے کہ ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس جیسی مرکزی تفتیشی ایجنسیاں اب بی جے پی کی شاخیں بن گئی ہیں۔ یہ ایجنسیاں صرف دہلی میں بیٹھے اپنے باس کے کہنے پر ناچ رہی ہیں۔ ان اداروں کی آزادی چھین لی گئی ہے اور انہیں اپوزیشن پارٹی کے رہنماؤں کو ہراساں کرنے کے مشن پر لگا دیا گیا ہے۔ نانا پٹولے نے کہا کہ نیشنل ہیرالڈ کیس میں کرپشن کا الزام لگا کر کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ اس اخبار کا ملک کی تحریک آزادی میں گراں قدر حصہ ہے۔ اس اخبار کی بنیاد پنڈت جواہر لال نہرو، سردار ولبھ بھائی پٹیل، پرشوتم ٹنڈن، آچاریہ نریندر دیو اور رفیع احمد قدوائی جیسے عظیم لیڈروں نے رکھی تھی۔ آزادی کے بعد بھی نیشنل ہیرالڈ اخبار کی اشاعت جمہوریت، آئین اور کانگریس کے نظریے کی ترویج واشاعت کے لیے نقصان کے بعد بھی جاری رہی، لیکن اب ایک سیاسی سازش کے تحت گاندھی خاندان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ نیشنل ہیرالڈ کے معاملے میں جب پیسے کا کوئی لین دین ہی نہیں ہوا ہے تو اس میں بدعنوانی کہاں سے آجاتی ہے۔ واضح طور پر یہ کارروائی صرف گاندھی خاندان کو ہراساں کرنے کے لیے کی جارہی ہے۔

کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ ملک کے لوگ مہنگائی اور بے روزگاری سے جوجھ رہے ہیں، لیکن مرکز کی بی جے پی حکومت کے پاس ان سلگتے سوالوں کا کوئی جواب نہیں ہے۔ اسی لیے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے ای ڈی اور سی بی آئی کے ذریعے اپوزیشن کو نشانہ بنایاجارہا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ بی جے پی اپوزیشن کو تباہ کرنے کی زبان بول رہی ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کا کہنا ہے کہ ملک کی تمام سیاسی پارٹیاں ختم ہو جائیں گی اور صرف بی جے پی ہی باقی بچے گی۔ گاندھی خاندان اور ان سے وابستہ نیشنل ہیرالڈ کے خلاف کارروائی بی جے پی کے اسی ایجنڈے کا حصہ ہے۔لیکن کانگریس پارٹی اس طرح کی کارروائی سے ذرا بھی نہیں ڈرتی ہے۔ کانگریس پارٹی عوام کے مفاد کے لیے حکومت کے خلاف آواز اٹھاتی رہے گی۔ بی جے پی کو یاد رکھنا چاہیے کہ کانگریس نے طاقتور وجابربرطانوی حکومت کو بھی ملک چھوڑنے پر مجبور کیا تھا۔ بی جے پی کی جانب سے خواہ کتنی ہی ناانصافیاں اور مظالم کیوں نہ کی جائیں، کانگریس پارٹی ان کا جواب جمہوری طریقے سے دے گی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading