ممبئی میں ’انڈیا‘ اتحاد کی میٹنگ ملک کو ایک سمت دینے والی ثابت ہوگی: نانا پٹولے

کانگریس کامقصد بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے

شرد پوار نے اپنی پوزیشن واضح کردی ہے، کانگریس کے اعلیٰ لیڈران 31؍اگست کو پوار سے بات کریں گے

کانگریس ایگزیکیٹیو کی میٹنگ میں پدیاترا، لوک سبھا کا حلقہ وار جائزہ اور’انڈیا‘ میٹنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا

ممبئی: کانگریس کی کور کمیٹی کی ہوئی میٹنگ میں 31؍اگست اور یکم ستمبر کو ممبئی میں ہونے والی’انڈیا‘ اتحاد کی میٹنگ کی تیاریوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس میٹنگ میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کے دو نمائندے بھی موجود تھے۔ اس کور کمیٹی کی میٹنگ میں ممبئی میں ہونے والی’انڈیا‘ اتحاد کی میٹنگ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ یہ اطلاع کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اہم اجلاس ملک کو اہم سمت دے گا، جس سے پوری سیاسی تصویر بدل جائے گی۔

کانگریس کی کور کمیٹی کی یہ میٹنگ ایم سی اے کلب بی کے سی میں ہوئی جس میں ریاستی صدر نانا پٹولے، سابق وزیراعلیٰ اشوک راؤ چوہان، سشیل کمار شندے، تلنگانہ کے انچارج مانیک راؤ ٹھاکرے، قانون ساز کونسل میں کانگریس پارٹی کے لیڈر ستیج عرف بنٹی پاٹل، ریاستی ورکنگ صدر اور سابق وزیر نسیم خان، بسوراج پاٹل،ایم ایل اے کنال پاٹل، سابق ایم پی ملنددیورا، چیف ترجمان اتل لونڈھے، ریاستی جنرل سکریٹری دیوانند پوار، پرمود مورے سمیت دیگر کئی لیڈر موجود تھے۔

میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ ریاست میں 3 ستمبر سے مہاراشٹر کانگریس کی پد یاترا شروع ہو رہی ہے، اس پد یاترا کا خاکہ کور کمیٹی کی میٹنگ میں طے کیا گیا ہے۔ میٹنگ میں 48 لوک سبھا حلقوں کے لئے مقرر کئے گئے انسپکٹرز کی رپورٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہمارا مقصد مرکز اور ریاست میں بی جے پی کو اقتدار سے اکھاڑ پھینکنا اور کانگریس کو دوبارہ اقتدار میں لانا ہے۔انہوں نے کہا مہاراشٹر کانگریس کے نظریات والی ریاست ہے اورفی الوقت کی سیاسی صورت حال یوں ہے کہ اگر کانگریس اور اس کی اتحادی پارٹیاں مل کر لوک سبھا الیکشن لڑیں تو 40-45 سیٹیں جیت سکتی ہیں۔ کانگریس اس کے لیے تیاری کر رہی ہے۔ہمارا مقصد بھارتیہ جنتا پارٹی کو شکست دینا ہے۔ ایسے میں جو بھی پارٹی بی جے پی کے خلاف لڑنے کے لیے تیار ہے، ہم انہیں ساتھ لے کر چلیں گے اور اس مہم کو آگے بڑھائیں گے۔پٹولے نے کہا کہ آج کسانوں اور نوجوانوں کی خودکشی بڑھ رہی ہے۔ نوجوانوں کے پاس روزگار نہیں ہیں، کاروبار بند ہیں۔ پونے میں 218 نوجوان خودکشی کر چکے ہیں، ریاست کے دیگر حصوں کی صورت حال اس سے کچھ مختلف نہیں ہے، لیکن بی جے پی کا اقتدار کی ہوس میں گرفتار ہے،چاہے لوگ مر جائیں، ان کا اقتدار قائم رہنا چاہیے۔

شرد پوار فیصلہ لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں

اجیت پوار اور شرد پوار کی ملاقات پر بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ شرد پوار کو لے کر کانگریس میں کوئی کنفیوژن نہیں ہے، لیکن لوگوں کے ذہنوں میں کنفیوژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرد پوار بڑے لیڈر ہیں، وہ فیصلے لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ حالانکہ شرد پوار نے واضح کر دیا ہے کہ وہ’انڈیا‘اتحاد میں رہیں گے۔ کانگریس صدر ان تمام حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ وہ ممبئی کی میٹنگ کے دوران شرد پوار کے ساتھ بات چیت کریں گے۔

وزیراعظم نے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے

کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ یوم آزادی پر لال قلعہ سے عوام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ غیر ملکی حالات کی وجہ سے مہنگائی بڑھی ہے اور ہم اس کے ذمہ دار نہیں ہیں۔ ان کا بیان عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ مودی حکومت ملک کی معاشی صورتحال کو سنبھال نہیں پائی، اسی لیے مہنگائی بڑھی ہے۔ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ گر رہا ہے لیکن مودی نے مہنگائی کے مسئلے کے لیے بیرونی حالات کو ذمہ دار ٹھہرا کر ہاتھ اٹھا لیے ہیں۔پٹولے نے کہا کہ اس حکومت میں خواتین کے خلاف تشدد میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔ پٹولے نے یہ بھی کہا کہ مودی حکومت کے خلاف لوگوں میں زبردست غصہ ہے۔ لیکن مودی نے اعلان کیا کہ وہ دوبارہ وزیر اعظم بننے کے بعد لال قلعہ پر قومی پرچم لہرائیں گے۔ جمہوریت میں ایسا تکبر نہیں چلتا، یہ فیصلہ عوام کرتی ہے کہ ان کا وزیراعظم کون ہوگا۔