پربھنی میں اتحاد کا فرض نبھاتے ہوئے کانگریس نے شیوسینا- یو بی ٹی کی حمایت کی: ہرش وردھن سپکال

چندرپور میں شیو سینا-یو بی ٹی کی اختیار کردہ پالیسی غلط، پارٹی سطح پر غلط فیصلوں کی حمایت کانگریس ہرگز برداشت نہیں کرے گی

ممبئی: چندرپور میں شیو سینا (یو بی ٹی) نے بی جے پی کو حمایت دے کر اتحاد کی پاسداری نہیں کی، مگر کانگریس نے پربھنی میونسپل کارپوریشن کے میئر انتخاب میں اتحاد دھرم نبھایا ہے۔ پربھنی میں شیو سینا (یو بی ٹی) کا میئر اور کانگریس کا ڈپٹی میئر منتخب ہوا ہے۔ بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے، انڈیا اتحاد، مہاوکاس اگھاڑی، جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے کانگریس کے تمام 12 کارپوریٹروں نے شیو سینا (یو بی ٹی) کے حق میں ووٹ دیا۔ یہ بات مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے کہی ہے۔

بلڈھانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے مزید کہا کہ چندرپور میونسپل کارپوریشن میں شیو سینا (یو بی ٹی) نے جو موقف اختیار کیا، اس پر کسی قسم کی ناراضی یا انتقامی جذبہ رکھنا کانگریس کی تہذیب نہیں ہے۔ چندرپور میں شیو سینا (یو بی ٹی) کے 8 کارپوریٹر ہونے کے باوجود انہوں نے بی جے پی کو ووٹ دیا، جو سیاسی طور پر غلط ہے۔ اگر پارٹی سطح پر اس کی حمایت کی جاتی ہے اور کانگریس کو بدنام کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو یہ مناسب نہیں ہے۔

چندرپور کے معاملے میں رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت کے ساتھ کانگریس لیڈروں نے گفتگو کی تھی اور کانگریس لیڈران شیو سینا (یو بی ٹی) سے مسلسل رابطے میں تھے۔ اس کے باوجود سنجے راؤت اور ان کی پارٹی کے افراد کی جانب سے دیے گئے بیانات غلط اور اتحاد کے تقاضوں کے منافی ہیں۔ ونچت بہوجن اگھاڑی کانگریس کی حلیف پارٹی ہے۔ ان کے 2 کارپوریٹر غیر حاضر رہے تھے، جنہیں پارٹی نے معطل کر دیا اور شہر صدر کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ لیکن شیو سینا (یو بی ٹی) نے کوئی کارروائی نہیں کی بلکہ اس کی حمایت کی۔ کانگریس پارٹی کسی بھی صورت میں یہ برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پربھنی میں کانگریس کا میئر بنانے کی تجویز ہمارے پاس موجود تھی، لیکن اقتدار کے لیے کسی بھی حد تک جانا کانگریس کی پالیسی نہیں ہے۔ ہم نے اقتدار کو مسترد کرتے ہوئے اتحاد دھرم نبھایا اور شیو سینا (یو بی ٹی) کے ساتھ کھڑے رہے۔ اتحاد میں شیو سینا (یو بی ٹی) کانگریس کے ووٹ تو لیتی ہے، لیکن کانگریس کو ووٹ نہیں دیتی، اس بات پر چندرپور اور پربھنی کے واقعات نے مہر لگا دی ہے۔

MPCC Urdu News 12 Feb. 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading