آئین مخالف پبلک سیکوریٹی قانون 2024 منسوخ کرو
انڈیا اتحاد کا ریاست بھر میں احتجاج
ممبئی: ریاست کی مہایوتی حکومت نے شہری نکسلزم کے خاتمے کے نام پر جو پبلک سکیوریٹی قانون نافذ کیا ہے، وہ عوامی آواز دبانے والا اور آئین مخالف قانون ہے۔ اس ظالمانہ قانون کے خلاف انڈیا اتحاد نے آج مہاراشٹر بھر میں احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یہ ناانصافی پر مبنی قانون فوری طور پر واپس لیا جائے۔ اس احتجاج میں کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس (شرد پوار)، شیو سینا (ادھو بالاصاحب ٹھاکرے)، مارکسی کمیونسٹ پارٹی، بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی، شیتکری سنگھٹنا پارٹی سمیت ہم خیال پارٹیوں اور سماجی تنظیموں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ممبئی کے شیواجی پارک میں چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کے قریب مہا وکاس اگھاڑی اور بائیں بازو کی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا، جس میں ایم ایل اے ڈاکٹر جیوتی گائیکواڑ، کمیونسٹ لیڈر پرکاش ریڈی، پردیش نائب صدر راجن بھوسلے، راجیش شرما اور دھننجے شندے کے ساتھ انڈیا اتحاد کے متعدد عہدیدار اور کارکنان بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ کولہاپور میں کانگریس لیجسلیٹیو کونسل کے گروپ لیڈر ستیج پاٹل کی قیادت میں مظاہرہ ہوا۔ ناگپور میں ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کی جانب سے ویرائٹی چوک پر گاندھی کے مجسمے کے پاس رکن اسمبلی وکاس ٹھاکرے کی قیادت میں احتجاج کیا گیا، جہاں پردیش نائب صدر رکن اسمبلی ابھجیت ونجاری، وِشال متتموار اور دیگر کانگریس رہنما و کارکن موجود تھے۔
چھترپتی سنبھاجی نگر شہر و ضلع کانگریس کمیٹی اور مہا وکاس اگھاڑی کے تحت منعقدہ احتجاج میں رکن پارلیمنٹ کلیان کالے، ضلع صدر کیرن پاٹل، شہر و ضلع کمیٹی کے صدر شیخ یوسف اور انڈیا اتحاد کے دیگر نمائندے شریک ہوئے۔ بلڈھانہ، جالنا، امراؤتی، ناندیڑ، چندرپور، پال گھر، رتناگیری، دھاراشیو، سولاپور، لاتور، تھانے، جلگاؤں، اکولہ، واشیم، ناسک اور دھولیہ سمیت ریاست کے تمام اضلاع اور تعلقہ ہیڈکوارٹرز پر مہا وکاس اگھاڑی کی اتحادی جماعتوں، بائیں بازو کے رہنماؤں اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے مل کر اس سیاہ قانون کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔