نریندر مودی بی جے پی اور ببن راؤ لونیکر کے باپ ہو سکتے ہیں، کسانوں کے نہیں: نانا پٹولے

کسانوں کے لیے میں نے پارلیمنٹ کی رکنیت بھی ٹھکرا دی، ایک دن کی معطلی کی کیا حیثیت ہے؟ کسانوں کے لیے پوری زندگی وقف کر سکتا ہوں

ممبئی: 1 جولائی 2025

بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق وزیر ببن راؤ لونیکر کے کسانوں سے متعلق دیے گئے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر نانا پٹولے نے شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی بی جے پی اور ببن راؤ لونیکر کے باپ ہو سکتے ہیں، لیکن ہمارے یا کسانوں کے باپ نہیں ہو سکتے۔ پٹولے نے کہا کہ میں نے کسانوں کے لیے پہلے بھی پارلیمنٹ کی رکنیت منہ پر مار دی تھی، ایک دن کی معطلی کی کیا اہمیت ہے۔ میں تو کسانوں کے لیے اپنی ایم ایل اے کی سیٹ اور پوری زندگی بھی وقف کرنے کو تیار ہوں۔

نانا پٹولے نے یہ باتیں اس وقت کہیں جب انہیں اسمبلی میں کسانوں کے مسائل پر آواز بلند کرنے کے بعد ایک دن کے لیے معطل کر دیا گیا۔ اسمبلی سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پٹولے نے بی جے پی پر زبردست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ایک کسان مخالف پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی-شیوسینا اتحاد کی حکومت میں موجود وزیر زراعت مانک راؤ کوکاٹے کسانوں کی مسلسل تذلیل کر رہے ہیں۔ پہلے انہوں نے کسانوں کو بھکاریوں سے تشبیہ دی، پھر کہا کہ کسان قرض معافی کے پیسے اپنے بچوں کی شادیوں پر خرچ کرتے ہیں اور اب ببن راؤ لونیکر نے کہا ہے کہ کسانوں کو بیج بونے کے لیے پیسے اور ان کے گھروالوں کو کپڑے اور موبائل مودی دیتے ہیں۔

پٹولے نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا 2014 سے پہلے لونیکر بغیر کپڑوں کے گھومتے تھے؟ کیا وہ ننگے رہتے تھے؟انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اقتدار میں آنے سے پہلے وعدہ کیا تھا کہ کسانوں کو قرض معافی دی جائے گی، ان کی فصلوں کو کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) دی جائے گی اور زراعت کے لیے 24 گھنٹے مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔ لیکن اقتدار میں آتے ہی کسانوں کی توہین کی جا رہی ہے۔ یہ اقتدار کا گھمنڈ ہے، جسے کانگریس کبھی برداشت نہیں کرے گی۔ ہم کسانوں کے حق کے لیے لڑتے رہیں گے۔ ہماری آواز دبانے کی چاہے جتنی بھی کوشش ہو، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے اور کسانوں کے حق میں جدوجہد جاری رکھیں گے۔ نانا پٹولے نے مطالبہ کیا کہ ببن راؤ لونیکر اور وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس عوامی طور پر کسانوں سے معافی مانگیں۔

MPCC Urdu News 1 July 25.docx

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading