ترقی پسند سوچ کی قاتل بی جے پی کو قصبہ پیٹھ کے لوگوں نے سبق سکھا دیا: نانا پٹولے
ممبئی:مہاوکاس اگھاڑی کے امیدوار رویندر ڈھنگیکر نے بی جے پی کے گڑھ قصبہ پیٹھ میں زبردست جیت حاصل کی ہے۔ پچھلے 28 سالوں سے اس سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار منتخب ہوتے تھے لیکن اس بار قصبہ پیٹھ کے لوگوں نے بی جے پی کو زبردست شکست دیدی۔ پونے شاہو، پھلے، امبیڈکر کی کرم بھومی ہے لیکن سابق گورنر سمیت بی جے پی لیڈر مہاراشٹر کی ان عظیم شخصیات کی مسلسل توہین کرتے رہے۔ ریاست کے لوگوں کو یہ رویہ پسند نہیں آیا اور قصبہ پیٹھ کے ووٹروں نے اپنے ووٹوں کے ذریعے بی جے پی کو اس کی حیثیت بتادی ہے۔ بی جے پی پر یہ سخت تنقید کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کیا ہے۔
قصبہ پیٹھ ضمنی انتخاب میں ایم وی اے امیدوار رویندر ڈھنگیکر کی جیت کا جشن کانگریس ہیڈکوارٹر تلک بھون میں باجوں گاجوں کے درمیان مٹھائیاں تقسیم کرکے اور پٹاخے پھوڑ کر منایا گیا۔ اس موقع پر ریاستی ورکنگ صدر اور سابق وزیر نسیم خان، ایم ایل اے وکاس ٹھاکرے، ایم ایل اے وجاہت مرزا، ریاستی نائب صدر چارولتا ٹوکس، ریاستی جنرل سکریٹری پرمود مورے، اتکرش روپوتے، ترجمان بھاونا جین، ریاستی سکریٹری راجا رام دیشمکھ، ڈاکٹر سیدذیشان احمد، ارچنا راٹھوڑ، سینئر لیڈر دتا نندے، اشوک امانکر اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ قصبہ پیٹھ ضمنی انتخاب میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی نے طاقت کے زور پر پیسے اور دہشت کے سہارے عوام کے ووٹ خریدنے کی کوشش کی، لیکن عوام نے بی جے پی کو اس کی جگہ دکھا دی۔ پیسے کی طاقت پر سیاست کرنے والی بی جے پی کو عوام نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔ یہ اسمبلی حلقہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا گڑھ تھا، لیکن یہاں کے لوگوں نے دیکھا کہ بی جے پی کا اصل کلچر کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں کے لوگوں نے بی جے پی کو سخت سبق سکھایا ہے۔ قصبہ اور مہاراشٹر کے لوگوں نے اس ضمنی انتخاب میں بی جے پی کی اصل سنسکرتی دیکھ لی ہے۔ وزیروں وپولیس کی مدد سے پیسے بانٹے گئے۔ لوگوں نے تڑی پار غنڈوں کو وزیروں کے ساتھ گھومتے دیکھا۔ لیکن لوگوں نے پیسے بانٹ کر اور دہشت پھیلا کر الیکشن جیتنے کی بی جے پی کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔
نانا پٹولے نے کہا کہ وزیراعلیٰ،نائب وزیراعلیٰ سمیت درجنوں وزراء قصبہ ضمنی انتخاب کے لئے ڈیرے ڈالے ہوئے تھے۔ بی جے پی نے الیکشن جیتنے کی پوری کوشش کی لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی۔ مہنگائی، بے روزگاری سے نبرد آزما عوام اور چھوٹے تاجروں نے بی جے پی کو سبق سکھا یا ہے۔ عوام نے قصبہ ضمنی انتخاب میں دیکھا کہ کس طرح بی جے پی طاقت کا غلط استعمال کرتی ہے۔قصبہ ضمنی انتخاب کا نتیجہ اس بات کا اشارہ ہے کہ بی جے پی کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ اس موقع پر نانا پٹولے نے رویندر ڈھنگیکر کو بھاری اکثریت سے جیتنے پر قصبہ پیٹھ اسمبلی حلقہ کے عوام، کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس، شیوسینا اور مہاوکاس اگھاڑی کے تمام لیڈروں، عہدیداروں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔
تمل ناڈو اور مغربی بنگال میں ہوئے ضمنی انتخابات میں بھی کانگریس امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے۔ تریپورہ میں، جہاں کانگریس کے پاس کوئی ایم ایل اے نہیں تھا، کانگریس نے پانچ سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ ملک بھر میں جو نتائج سامنے آئے ہیں ان میں کانگریس پارٹی کو لوگوں کی پسند مل رہی ہے، آئندہ انتخابات میں بھی یہی تصویر رہے گی اور یہ ریاست اور مرکز میں تبدیلی کی شروعات ہے۔