ناندیڑمیں مویشیوں کو بے ہوشی کا انجکشن دے کر چوری کرنے والا بین الریاستی گینگ بے نقاب

ناندیڑ، 23 جون:(ورق تازہ نیوز) ناندیڑ کی مقامی جرائم شاخ (ایل سی بی) نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے مویشیوں کو بے ہوشی کا انجکشن دے کر چوری کرنے والے بین الریاستی گینگ کا پردہ فاش کر دیا۔ پولیس نے اس معاملے میں 17 ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ناندیڑ ضلع میں مویشی چوری کے 14 مقدمات حل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 15 لاکھ 63 ہزار 500 روپے مالیت کا مال بھی ضبط کیا گیا ہے۔


پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ ابھیناش کمار، ایڈیشنل ایس پی ارچنا پاٹل اورسورج گرو کی رہنمائی میں مقامی جرائم شاخ کے انسپکٹر اتل بھوسلے کی قیادت میں یہ کارروائی انجام دی گئی۔پولیس کے مطابق آپریشن فلش آؤٹ” کے تحت جرائم پیشہ افراد کے خلاف مہم جاری تھی۔ 22 جون کو پولیس سب انسپکٹر مہیش کورے اور ان کی ٹیم ناندیڑ شہر میں گشت کر رہی تھی، اسی دوران مخبر سے اطلاع ملی کہ مویشی چوری میں ملوث چند افراد گوداوری ندی کے کنارے واقع واحد کالونی، بونڈار بائی پاس کے علاقے میں کرائے کے مکان میں مقیم ہیں اور ان کے پاس ایک چاندی رنگ کی ٹویوٹا انووا گاڑی موجود ہے۔اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے چھاپہ مار کر دو ملزمان عظیم رؤف غازی (31سال) ساکن کلیان ضلع تھانے اورسید سمیر عرف بابو سید سمیع احمد (23) ساکن لیبر کالونی ناندیڑ کو حراست میں لیا۔

دورانِ تفتیش دونوں ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر ناندیڑ ضلع کے مختلف پولیس تھانوں کی حدود میں مویشیوں کو بے ہوشی کا انجکشن دے کر چوری کرنے اور انہیں انووا گاڑی کے ذریعے منتقل کر کے فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ یہ گینگ اردھاپور، لمبگاؤں، مناٹھا، عمری، قندھار، عثمان نگر، مرکھیل، کنوٹ، مکرم آباد، مانڈوی، بلولی اور بھاگیہ نگر پولیس اسٹیشن حدود میں مویشی چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2 لاکھ 62 ہزار روپے نقد ٹویوٹا انووا گاڑی نمبر MH-02-AP-7008 (مالیت 13 لاکھ روپے)* بے ہوشی کی دوا اور انجکشن* جعلی نمبر پلیٹیں برآمد کیں۔ ضبط شدہ مال کی مجموعی مالیت 15 لاکھ 63 ہزار 500 روپے بتائی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق اس کیس کے دیگر پانچ ملزمان کو ناندیڑ پولیس اور تلنگانہ کے عادل آباد ٹاؤن-2 پولیس اسٹیشن کی مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان ملزمان کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ناندیڑ کے مقدمات میں تحویل میں لیا جائے گا۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار شدہ اور مفرور ملزمان کا تعلق ناندیڑ، کلیان، بھیونڈی، ممبئی اور دیگر علاقوں سے ہے۔ اس گینگ کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ نے اس کامیاب کارروائی میں شامل افسران اور اہلکاروں کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading