شندے-فڈنویس حکومت ایوان کی کارروائی ملتوی کرکے عوامی مسائل پر بحث سے بھاگ رہی ہے: نانا پٹولے
ہم سنجے راؤت کے بیان کی حمایت نہیں کرتے، اسپیکر کو اس پر فیصلہ کرنا چاہئے
گھریلوگیس سیلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی اورکسانوں کے مسئلے پر حکومت کے خلاف نعرے بازی
ممبئی:رکن اسمبلی سنجے راؤت کا اسمبلی سے متعلق دیا گیا بیان قابل اعتراض ہے۔ اس طرح کے بیان کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔ کسی کو بھی اسمبلی کی توہین کرنے کا حق نہیں ہے۔یہ ریاست کے لوگوں کی بھی توہین ہے۔یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بی جے پی نے ایوان میں استحقاق کی خلاف ورزی پر قرارداد لانے کی بات کی تو اس کی کوئی مخالفت نہیں ہوئی۔ اسپیکر کو اس پر فوری فیصلہ دینا چاہئے۔لیکن اس کے ساتھ ہی ریاست کے عوام کے مسائل بھی اہم ہیں اور اس پر بھی بات ہونی چاہئے،مگر حکمران جماعت ایوان کی کارروائی ملتوی کرکے عوام کے مسائل پر بحث کرنے سے بھاگ رہی ہے۔
اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ ملک میں مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ بدھ سے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح کے فیصلے لے کر بی جے پی حکومت عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے۔ کسانوں کو بجلی نہیں مل رہی۔ زرعی پمپ کا بجلی کا کنکشن منقطع کیا جا رہا ہے۔ اپوزیشن پارٹی ان تمام مسائل پر ایوان میں بحث کرنا چاہتی ہے۔ یہ عوام کے اہم مسائل ہیں اور اس پر ایوان میں بحث ہونی چاہیے تھی لیکن حکمران جماعتیں اس کی اجازت نہیں دے رہی ہیں۔ حکمران جماعت عوام سے جڑے سوالات کا جواب نہیں دینا چاہتی۔ یہی وجہ ہے کہ ایک طے شدہ حکمت عملی کے تحت ایوان کی کارروائی ملتوی کی گئی۔اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے تیسرے دن بدھ کو اپوزیشن پارٹیوں کے ایم ایل ایز نے ودھان سبھا کی سیڑھیوں پر زبردست مظاہرہ کیا۔ اپوزیشن ایم ایل ایز نے گھریلو گیس کی قیمت کم کرو، کسانوں کو دن میں 12 گھنٹے بجلی دو ورنہ کرسی خالی کرو، ملک دشمن حکومت کو شرم کرو، کسانوں کی بجلی کاٹنا بند کرو جیسے کئی نعرے لگائے۔