ناندیڑ:14 اکتوبر۔(نامہ نگار ) دینی مدارس کے طلبا کو پلیٹ فارم فراہم کرنے کی غرض سے بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر جناب عمران خان عرف عمران پرتاپ گڑھی نے آل انڈیا سطح پر دینی مدارس کے طلبا کے تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا ہے ۔اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر مراٹھواڑہ سطح کا تقریری مقابلہ شہر ناندیڑ کے پاکیزہ فنکشن ہال میں 13اکتوبر2018 کو منعقد ہوا۔ مقابلے کا عنوان” میرے خوابوں کاہندوستان، تعلیم سیاست اور مسلمان“ تھا. جس میںمراٹھواڑہ بھرسے جملہ35 طلبا نے حصہ لیا۔اس مقابلے میں اول مقام سفیان اشرف خان (دارالعلوم سعد بن وقاص عمر کھیڑ) کو حاصل ہوا۔ جنھیں ٹرافی، اور پانچ ہزار روپئے نقد رقم دی گئی.جبکہ سید عبدالمجاہد سید عبدالواجد (دینی درسگاہ عنایت العلوم پربھنی) نے دوسرا مقام حاصل کیا انھیں بھی ٹرافی اور تین ہزار روپئے نقد رقم دئےے گئے۔ تیسرا مقام محمد عارف محمد رفیق کو حاصل ہوا جنھیں دو ہزار روپئے نقد رقم اور ٹرافی عطا کی گئی. چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے طلبا میں بھی ٹرافی اور ایک ایک ہزار روپئے نقد رقم عطا کی گئی. باقی ماندہ طلبا میں ترغیبی انعامات تقسیم کئے گئے۔مذکورہ مقابلوں میں ٹاپ تین طلباءدہلی میںمنعقد ہونے والے ملک گیر سطح کے تقریری مقابلوں میں حصہ لینگے ۔ پروگرام میں شرکت کرنے والے تمام ہی طلبا نے پر مغز و جامع انداز میں تقاریر کیں. پروگرام کی صدارت قاری اسد صمدی نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے اسٹینڈنگ کمیٹی چیئر مین شمیم عبداللہ، سابق میئر عبدالستار، اتوارہ پولس اسٹیشن کے سب انسپکٹر محمد فیروز، کارپوریٹر صابر چاو¿ش ،چاند پاشا قریشی، سرجیت سنگھ گل، عبدالغفار، رحیم احمد خان، وغیرہ موجود رہے. جج کے فرائض مولانا سرور قاسمی، مولانا آصف ندوی، صحافی خالد یونس انصاری نے انجام دئے. پروگرام کی نظامت مظفر سر نے کی تقریب کو کامیاب بنانے میں عمران پرتاپ گڑھی فاو¿نڈیشن کے سید عمران معراج خان و دیگر نوجوانان کی بڑی محنتیں شامل رہیں۔