حیدرآباد9مئی(یواین آئی)فنکشن ہال میں لفٹ کے ٹوٹ کر گر پڑنے کے نتیجہ میں ایک خاتون کی موت ہوگئی۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی کے راجندر نگر،بنڈلہ گوڑہ کے جاگیرتا نگر کے ایک فنکشن ہال میں شادی کے موقع پر پیش آیا جس کے ساتھ ہی شادی کی تقریب میں موجود مہمانوں میں سنسنی پھیل گئی۔یہ لفٹ تیسری منزل سے نیچے گر پڑی۔اس خاتون جس کی شناخت کملماں کے طورپر کی گئی ہے ، نے تیسری منزل سے نچلی منزل پر آنے کے لئے لفٹ کا بٹن دبایا،لفٹ کے نہ آنے پر اس کادروازہ کھولتے ہوئے اندر جانے کی کوشش کی تاہم اسی دوران اچانک یہ لفٹ نیچے گر پڑی جس کے نتیجہ میں اس خاتون کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
فنکشن ہال کے مالک کی لاپرواہی کا الزام لگاتے ہوئے اس کے رشتہ داروں نے احتجاج کیا۔اس واقعہ کے فوری بعد فنکشن ہال کا مالک وہاں سے فرار ہوگیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے جانچ شروع کردی۔پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔