EPS-95 پنشنرز کے لیے کم از کم 7,500 روپے پنشن کا مطالبہ
ایم پی نریش مہسکے نے پارلیمنٹ میں حکومت سے فوری اقدام کرنے پر دیا زور
(تھانے (آفتاب شیخ
ملک بھر میں لاکھوں EPS-95 (ملازمین پنشن اسکیم 95) کے پنشنرز محض 1,000 روپے ماہانہ پنشن پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جو مہنگائی کے موجودہ حالات میں انتہائی ناکافی ہے۔ تھانے لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے نے پارلیمنٹ کے صفر وقفہ میں اس مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ EPS-95 پنشنرز کی کم از کم پنشن 7,500 روپے مقرر کی جائے۔
78 لاکھ سے زائد EPS-95 پنشنرز مختلف سرکاری و نجی اداروں سے وابستہ رہ کر ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں، لیکن آج وہ انتہائی کم پنشن پر گزر بسر کر رہے ہیں۔ 2013 میں کوشیاری کمیٹی، 2018 میں لیبر کی پارلیمانی کمیٹی اور EPFO کی اعلیٰ سطحی کمیٹی نے بھی پنشن 7,500 روپے سے 10,050 روپے کرنے کی سفارش کی تھی، مگر حکومت نے اب تک اس پر عمل نہیں کیا۔
ایم پی نریش مہسکے نے ایوان میں نشاندہی کی کہ بزرگ پنشنرز گزشتہ 7-8 سالوں سے اپنے حقوق کے لیے احتجاج کر رہے ہیں، مگر ان کی آواز کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ EPS-95 پنشن اسکیم میں فوری اصلاحات کی جائیں، پنشن کی رقم میں اضافہ کیا جائے، مہنگائی الاؤنس دیا جائے اور پنشنرز کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں، تاکہ ان کی زندگی کے آخری ایام عزت و سکون کے ساتھ گزر سکیں۔
واضح رہے کہ تھانے لوک سبھا حلقہ کے کئی پنشنرز اور تنظیموں نے حال ہی میں ایم پی نریش مہسکے سے ملاقات کرکے ان کے مسائل پیش کیے تھے، جس پر انہوں نے ان کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا وعدہ کیا تھا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت اس مطالبے پر کب اور کیا اقدام کرتی ہے۔