بیگوسرائے:(ایجنسیز)بہار کے بیگوسرائے میں مبینہ طورپرایک شخص کے ساتھ مذہب کی بنیاد پرتشدد کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس حادثہ سے متعلق آل انڈیا مسلم مجلس اتحاد المسلمین سربراہ اسد الدین اویسی نے بھی ٹوئٹ کیا ہے۔ اویسی نےایک ویڈیو ٹوئٹ کو دوبارہ ٹوئٹ کیا ہے۔ اویسی نے لکھا ہے ‘قاسم نے اپنا نام بتا کراپنی زندگی تقریباً کھودی تھی، لیکن یہ سچ ہے کہ میں ڈررہا ہوں۔ یہ پاگل پن کہاں سے آتا ہے؟ اوپرسے۔ بی جے پی قیادت نے ہمیں مسلسل پاکستان کے ساتھ جوڑ دیا ہے۔ ہم ان کی نظرمیں انسان نہیں ہیں، ہم نشانے پرہیں’۔اویسی نے اس کے ساتھ جو ٹوئٹ دوبارہ ٹوئٹ کیا ہے، اس میں لکھا ہے’مسلمانوں کے خلاف ایک اورتشدد کا سانحہ۔ بہارکے بیگو سرائے میں ایک مسلم ہاکرکوگولی ماردی گئی’۔ کسی لڑکےنےاس کا نام پوچھا، اس نےکہا محمد قاسم۔ اس کے بعد اس نے نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا ‘تویہاں کیا کررہا ہے، تجھے تو پاکستان میں ہونا چاہئے اوراسے گولی ماردی’۔ ٹوئٹ کرنے والے شخص نےاس کے ساتھ ایک ویڈیو بھی پوسٹ کیا ہے۔