بھارت میں تقریباً 16 برس گزارنے کے بعد 37 سالہ ایرانی اداکارہ مندانا کریمی نے ملک چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اس خبر نے ان کے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر “Ask Me Anything” سیشن کے دوران ایئرپورٹ سے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ بھارت کو الوداع کہہ رہی ہیں۔ انہوں نے اس فیصلے کو اپنی زندگی کا نہایت مشکل قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ان کے لیے دوسرے گھر کی حیثیت رکھتا تھا، مگر اب وہ ایک نئی شروعات کی طرف بڑھ رہی ہیں۔
مندانا کریمی کے اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے ملے جلے ردعمل سامنے آ رہے ہیں، جہاں کئی لوگ ان کے فیصلے پر افسردگی اور جذباتی تبصرے کر رہے ہیں۔
سیکیورٹی وجوہات بنی بڑی وجہ
اداکارہ اس سے قبل بھی بھارت چھوڑنے کے اشارے دے چکی تھیں۔ رواں سال ایک انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ وہ سیکیورٹی خدشات کے باعث یہ قدم اٹھا رہی ہیں۔ تاہم انہوں نے اس حوالے سے تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
مندانا کے مطابق ایران سے متعلق مسائل پر کھل کر اظہارِ رائے اور حکام پر تنقید کرنے کی وجہ سے انہیں مسلسل مشکلات کا سامنا رہا، جس کے باعث انہوں نے بالآخر بھارت چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔