ہندوستان سے دبئی روانہ ہوئے اسپائس جیٹ طیارہ کی پاکستان میں ایمرجنسی لینڈنگ کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 5 دسمبر کی دیر شب تقریباً 9.30 بجے اسپائس جیٹ ایئرلائنس کے ایک طیارہ کی کرچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔ اس ایمرجنسی لینڈنگ کی وجہ تکنیکی خامی نہیں تھی، بلکہ ایک مسافر کی طبیعت ناساز ہونے کے بعد ایمرجنسی لینڈنگ کا فیصلہ لیا گیا۔
اسپائس جیٹ نے اس بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ طیارہ بوئنگ 737 احمد آباد سے دبئی جا رہا تھا۔ اسی درمیان ایک 27 سالہ مسافر دھاکھال درمیش کا شگر لیول کم ہونے کی وہج سے انھیں دل کا دورہ پڑ گیا۔
اس کے بعد طیارہ کو پاکستان کے کراچی کی طرف موڑ دیا گیا۔ یہاں میڈیکل ٹیم نے مسافر کو ایمرجنسی طبی امداد دی۔ علاج کے بعد مسافر ٹھیک ہو گیا اور طیارہ دوبارہ دبئی کے لیے روانہ ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 24 نومبر کو بھی اسی طرح کا معاملہ پیش آیا تھا۔ تب انڈیگو ایئرلائنس کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ سعودی عرب سے حیدر آباد جانے والے انڈیگو طیارہ میں میڈیکل ایمرجنسی آ گئی تھی۔ فلائٹ میں ایک مسافر کی طبیعت بگڑ گئی تھی جس کے سبب انھیں فلائٹ کو پاکستان کے کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی تھی۔ حالانکہ مسافر کی جان نہیں بچ پائی تھی۔