راجکوٹ: ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف راجکوٹ ٹیسٹ میچ 434 رنز سے جیت لیا ہے۔ ہندوستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 557 رنز کا ہدف دیا تھا، جس کے تعاقب میں انگلش ٹیم بے بس نظر آئی اور چوتھے دن کے آخری سیشن میں 122 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی روہت بریگیڈ نے پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ ٹیسٹ سیریز کا چوتھا میچ 23 فروری سے رانچی میں کھیلا جائے گا۔
یہ ٹیسٹ تاریخ میں ہندوستانی ٹیم کی سب سے بڑی فتح ہے۔ اس سے پہلے اس کی سب سے بڑی فتح دسمبر 2021 میں ہوئی تھی، جب اس نے نے وانکھیڑے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو 372 رنز سے شکست دی تھی۔ انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں مارک ووڈ نے سب سے زیادہ 33 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے رویندر جڈیجہ نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں۔
چوتھے دن کے کھیل میں ہندوستانی ٹیم کی شروعات شاندار رہی۔ شبھمن گل اور کلدیپ یادو نے مل کر تقریباً ایک گھنٹے تک انگلش گیند بازوں کو پریشان کیا۔ ایسا لگ رہا تھا کہ گل اپنی سنچری مکمل کر لیں گے لیکن کلدیپ یادیو کے ساتھ غلط فہمی کے باعث وہ رن آؤٹ ہو گئے۔ گیل نے 151 گیندوں پر 91 رنز بنائے جس میں 9 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
گل کے آؤٹ ہونے کے بعد یشسوی جیسوال کریز پر آئے۔ جیسوال تیسرے دن کے کھیل میں سنچری بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے تھے۔ تاہم اس دوران ہندوستان نے کلدیپ یادیو کی وکٹ بھی گنوائی جو ریحان احمد کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ اس کے بعد یشسوی جیسوال اور سرفراز خان نے مل کر ہندوستان کو کافی مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
یشسوی جیسوال اور سرفراز خان نے مل کر پانچویں وکٹ کے لیے 172 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ یشسوی نے 236 گیندوں پر 214 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ یشسوی نے اپنی اننگز میں 14 چوکے اور 12 چھکے لگائے۔ جبکہ سرفراز خان نے ناقابل شکست 68 رنز بنائے۔