کیا شاہ رخ خان بھی نشانے پر تھے؟ حملہ آور نے منّت‘ کا بھی خاکہ تیار کیاتھا

ممبئی:17/جنوری ( ایجنسیز)ممبئی میں بالی وڈ اسٹارز کی سکیورٹی پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔ سلمان خان کے گھر پر حملے اور دھمکی کے بعد اب 16 جنوری 2025 کو ایک حملہ آور نے سیف علی خان کے گھر گھس کر چاقو سے ان پر 6 مرتبہ وار کیا۔ ان حملوں سے فلمی دنیا میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس دوران بعض رپورٹس میں کہا گیا کہ حملہ آور نے شاہ رخ خان کے گھر ’مَنّت‘ کی بھی ریكی کی تھی۔پولیس نے ان رپورٹس کو مسترد کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق، ان دعووں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

                    ذرائع کے مطابق، سیف علی خان کے حملہ آور کی جھلک سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آئی، مگر ملزم کا کوئی سراغ اب تک نہیں ملا۔ پولیس نے 35 ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور وِسائی، نالا سوپارا جیسے علاقوں میں ملزم کی تلاش جاری ہے۔انویسٹی گیشن سے جڑے ایک افسر نے بتایا کہ ملزم کو باندرہ ریلوے اسٹیشن کے قریب دیکھا گیا تھا۔ تحقیقات کے دوران سیف کے گھر سے ایک قدیم تلوار بھی برآمد ہوئی ہے، جسے خاندانی ورثہ سمجھا جا رہا ہے۔ تاہم پولیس کو ابھی اس کی مکمل تفصیلات نہیں مل سکی ہیں۔

 واقعات پر روشنی ڈالتے ہوئے انکشاف ہوا کہ حملہ آور نے گھر میں گھسنے سے پہلے ایک ملازمہ کے ساتھ جھگڑا کیا تھا۔ حملے کی اطلاع ملنے میں تاخیر کے سبب پولیس کو کارروائی کرنے میں وقت لگا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم پر مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں دفعہ 311 (ڈکیتی کے دوران جان سے مارنے یا شدید نقصان پہنچانے کے ارادے سے حملہ)، دفعہ 331 (4) (رات میں غیر قانونی طور پر داخل ہونا) شامل ہیں۔سیف علی خان اس وقت لیلاوتی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر چاقو ایک انچ اور گہرا گھستا تو ریڑھ کی ہڈی متاثر ہو سکتی تھی اور وہ فالج کا شکار ہو سکتے تھے۔ خوش قسمتی سے ان کی حالت بہتر ہے اور انہیں دو سے تین دن میں ڈسچارج کر دیا جائے گا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading