ملبورن ٹیسٹ میں شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم کے لیے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی راہ انتہائی مشکل ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی کپتان روہت شرما کے ریٹائرمنٹ کو لے کر باتوں نے زور پکڑ لیا ہے۔ ملبورن ٹیسٹ میں ٹیم کو ملی شکست کے بعد ایک میڈیا رپورٹ نے کچھ ایسا لکھا ہے جس نے دنیائے کرکٹ میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روہت شرما جلد ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہنے والے ہیں۔ دعویٰ تو یہاں تک ہے کہ روہت شرما سڈنی ٹیسٹ کے بعد ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ سڈنی ٹسٹ 3 جنوری سے شروع ہوگا۔ یہ مقابلہ اگر پورے پانچ دن تک چلا اور میڈیا رپورٹ پر یقین کیا جائے تو پھر 7 جنوری روہت شرما کے ٹیسٹ کیریئر کا آخری دن ہو سکتا ہے۔ یہ رپورٹ مشہور انگریزی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے شائع کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی اور سلیکٹرس روہت شرما کے ریٹائرمنٹ کی باتیں کرنے لگے ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما سلیکٹرس کو منانے میں مصروف ہیں۔
روہت شرما ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل مقابلہ کھیلنا چاہتے ہیں، اور امید کی جا رہی ہے کہ اگر ہندوستانی ٹیم فائنل میں پہنچتی ہے تو وہ مقابلہ روہت کا آخری ٹیسٹ میچ ہو سکتا ہے۔ حالانکہ اس کے امکانات اب کم ہی نظر آ رہے ہیں کہ ہندوستانی ٹیم فائنل میں پہنچے۔ سڈنی ٹیسٹ میں اگر ہندوستانی ٹیم جیت حاصل نہیں کرتی تو پھر ڈبلیو ٹی سی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی، پھر تو ایسے میں سڈنی ٹیسٹ روہت کا آخری ٹیسٹ مانا جا سکتا ہے۔