کولکتہ نائٹ رائیڈرس نے تیسری مرتبہ آئی پی ایل ٹائٹل جیت لیا

چینائی: مچل اسٹارک اور آل روانڈر آندرے رسل کی خطرناک بولنگ کے بعد سلامی بلے باز رحمت اللہ گرباز اور وینکیش ایئر کی شاندار بیاٹنگ کی مدد سے کولکتہ نائٹ رائیڈرس نے آئی پی ایل 2024 کے فائنل میں سن رائیزرس حیدرآباد کو 8 وکٹ سے شکست دیکر ٹائٹل جیت لیا۔

کولکتہ نائٹ رائیڈرس نے آئی پی ایل کی تاریخ میں تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ کے کے آر کو جیت کیلئے محض 114 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے اوپنرس سنیل نارائن اور رحمت اللہ گرباز کی وکٹ گنواکر 10.3 اوورس میں بنالئے۔ نارائن صرف 6 رن بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ رحمت اللہ گرباز نے 39 رن بنائے۔

رحمت اللہ اور وینکٹیش ایئر نے دوسری وکٹ کیلئے 91 رنوں کی شراکت داری کے ذریعہ ٹیم کی تاریخی جیت کو یقینی بنایا۔ وینکٹیش ایئر نے شاندار بیاٹنگ کرتے ہوئے 26 گیندوں میں 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 52 رن بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کپتان شریاش ایئر بھی 6 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

سن رائیزرس حیدرآباد کی جانب سے کپتان پیاٹ کمنز اور شہباز احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیاٹنگ کرنے والی سن رائیزرس حیدرآباد کی ٹیم 18.3 گیندوں میں محض 113 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ حیدرآباد کا بیاٹنگ آرڈر بری طرح ناکام ثابت ہوا۔ حیدرآباد کیلئے کپتان پیاٹ کمنز نے سب سے زیادہ 24 رن بنائے جس میں 2 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔

دیگر قابل ذکر اسکور کرنے والوں میں ایڈین مارکرم 20‘ نتیش ریڈی 13 اور ہنرچ کلاسین 16 شامل ہیں۔ دیگر کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے کو عبور نہیں کرپایا۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرس کی جانب سے آندرے رسل نے سب سے زیادہ 3 جبکہ آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک اور ہرشیٹ رانا نے 2,2 وکٹ حاصل کئے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading