دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 21 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 47 ہزار سے زیادہ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔ سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز الشیخ کا کہنا ہے کہ اگر کورونا کی وبا جاری رہی تو مسلمان رمضان میں تراویح اور اس کے بعد عید الفطر کی نماز اپنے گھروں میں ادا کریں۔
وبا میں نماز تراویح اورعید کی نماز گھر میں پڑھی جائے: سعودی مفتی اعظم
سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز الشیخ کا کہنا ہے کہ اگر کورونا کی وبا جاری رہی تو مسلمان رمضان میں تراویح اور اس کے بعد عید الفطر کی نماز اپنے گھروں میں ادا کریں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے سعودی اخبار اوکاز کے حوالے سے خبر دی ہے کہ مفی اعظم کا کہنا ہے کہ مسلمان اگر کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے کیے جانے والے احتیاطی اقدامات کے پیش نظر نماز تراویح مسجد میں ادا نہ کر سکیں تو یہ نماز گھر پر ادا کی جا سکتی ہے۔
اخبار کے مطابق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہی حکم عید الفطر کے لیے لاگو ہوتا ہے۔
سعودی عرب میں اب تک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 6380 ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 83 ہے۔